سابق پاکستانی فاسٹ بولر اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر آف ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا ہے کہ بھارت نے اپنے فاسٹ بولرز کی تربیت اور رہنمائی کے لیے پاکستان سے رابطہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں: کھیل جاری رہنا چاہیے، بھارتی سپریم کورٹ نے پاک بھارت کرکٹ میچ رکوانے کی درخواست مسترد کردی
عاقب جاوید نے یہ بات پی سی بی کے آفیشل چینل پر شائع ہونے والی ایک پوڈکاسٹ میں بتائی، جس میں انہوں نے پاکستان کرکٹ کے مستقبل، ہائی پرفارمنس ڈھانچے، تربیتی پروگرامز اور دیگر اہم پہلوؤں پر بھی گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ پی سی بی کے اوورسیز پلیئرز کے پروگرام کے تحت دنیا بھر کے کھلاڑی پاکستان میں کوچنگ اور ٹریننگ کے مواقع حاصل کر سکتے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت حال ہی میں نیدرلینڈز اور انگلینڈ کے کھلاڑی بھی پاکستان آئے۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ جب تک ہم خود کو چیلنج نہیں کریں گے، ہمیں یہ معلوم نہیں ہو گا کہ بین الاقوامی سطح پر ہماری پوزیشن کہاں ہے اور ہمارے کوچز اور نظام کتنے مضبوط ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ اسی پروگرام کے ذریعے بھارت کی جانب سے فاسٹ بولرز کی رہنمائی کے لیے بھی کالز موصول ہوئی ہیں۔
پوڈکاسٹ کے دوران میزبان نے تبصرہ کیاکہ عام طور پر بھارتی اور پاکستانی کھلاڑی ایک دوسرے سے مصافحہ بھی نہیں کرتے، جس پر عاقب جاوید نے مسکراتے ہوئے کہا کہ عام لوگ اس بارے میں مختلف سوچ رکھتے ہیں، لیکن انتظامیہ اپنا الگ طریقہ اختیار کرتی ہے۔
مزید پڑھیں: ’سب سے بڑی دشمنی‘: پاک بھارت کرکٹ سے متعلق نیٹ فلکس ڈاکیومنٹری کب ریلیز ہورہی ہے؟
واضح رہے کہ مئی کی پاک بھارت جنگ کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات سخت کشیدہ ہیں، اور دونوں ملک ایک دوسرے کے ہوم گراؤنڈ پر جا کر نہیں کھیل رہے۔














