پی آئی اے میں بہت زیادہ پوٹینشل، 100 فیصد شیئرز خریدنا چاہتے تھے: عارف حبیب

منگل 23 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے 75 فیصد شیئرز خریدنے میں کامیابی حاصل کرنے والے عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے کہا ہے کہ پی آئی اے میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے، اور ہم 100 فیصد شیئرز خریدنا چاہتے تھے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارے مشیروں نے پی آئی اے کے لیے 131 ارب روپے کا تخمینہ دیا تھا، اور اندازہ تھا کہ یہ بولی 130 ارب روپے تک جائے گی۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے نجکاری: عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے میں قومی ایئر لائن کو خرید لیا

انہوں نے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ فوجی فرٹیلائزر ہمارے ساتھ آئےگی، اگلے مرحلے میں ہم کسی ایئر لائن کو بھی شامل کر سکتے ہیں، اور ابتدائی طور پر کچھ ایئر لائنز سے بات بھی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی آئی اے میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے، حج و عمرہ فلائٹس اور بیرون ملک مقیم پاکستانی بہت اہم ہیں، ہمیں تجربہ ہے کہ کس طرح عملے کا اعتماد جیتنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی آئی اے میں موجود لوگوں کو موقع نہیں مل رہا تھا، ہم انہیں موقع دیں گے، موجودہ اور نیا عملہ ملا کر بہتر سے بہترین لوگ رکھیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں عارف حبیب نے کہاکہ بولی لگنے سے قبل لکی گروپ کو ساتھ ملانے کی کوشش کی تھی، مگر بات نہیں بنی۔

انہوں نے مزید کہاکہ پی آئی اے میں زیادہ تر لوگ پروفیشنل ہیں، اگر کچھ سیاسی بھرتیاں ہوئی بھی ہیں تو ہم ان لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر بات کریں گے۔

واضح رہے کہ آج ہونے والی بولی میں عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے میں پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز خریدنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا، وزیراعظم شہباز شریف

عارف حبیب کنسورشیم نے قومی ائیرلائن کی نجکاری کے تیسرے مرحلے میں 135 ارب روپے کی بولی لگا کر پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp