امریکی ریاست پنسلوانیا کے ایک نرسنگ ہوم میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 2 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی اور لاپتا ہو گئے، واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق منگل کی دوپہر مشرقی پنسلوانیا کے علاقے برسٹل میں واقع سلور لیک نرسنگ ہوم میں اچانک دھماکا ہوا، جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔ حکام کے مطابق دھماکا نرسنگ ہوم کے تہہ خانے میں ہوا، جس سے شدید نقصان پہنچا۔
Blasts and fire shatter Pennsylvania nursing home, killing at least two https://t.co/2PmDKnrZLz pic.twitter.com/F6N0TmV1vY
— Alma Angeles (@AlmaANET25) December 24, 2025
پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپیرو نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں گیس لیک کو دھماکے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے پولیس، فائر فائٹرز اور دیگر امدادی اہلکاروں کی بروقت کارروائی کو سراہا، جنہوں نے جانی نقصان کم کرنے کی کوشش کی۔
سلور لیک نرسنگ ہوم میں 174 بستروں کی گنجائش ہے اور زیادہ تر بستر واقعے کے وقت استعمال میں تھے۔ نرسنگ ہوم میں موجود افراد کی عمریں زیادہ تر 50 سے 95 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا، کینٹکی اسٹیٹ یونیورسٹی میں فائرنگ، ایک ہلاک، ایک اسپتال منتقل
دھماکے کی شدت سے قریبی عمارتیں بھی لرز اٹھیں، جبکہ پنسلوانیا اور نیو جرسی کی مختلف کاؤنٹیوں سے فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے اور لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔













