پاکستانی کمپنی غنی کیم ورلڈ لمیٹڈ نے پاکستان میں کیلشیئم کاربائیڈ کی مقامی تیاری اور فروخت شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ صنعتی شعبے کو بھی بڑی سہولت میسر آئے گی۔ اس پیشرفت کی تفصیلات پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کپاس دنیا کے کتنے خاندانوں کی روزی کا ذریعہ، پیداوار میں پاکستان کا مقام؟
غنی کیم ورلڈ لمیٹڈ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ خط میں بتایا ہے کہ ہری پور میں واقع حطار اسپیشل اکنامک زون میں قائم منصوبے کے تحت میڈ اِن پاکستان کیلشیئم کاربائیڈ کی تیاری کا کامیاب آغاز کر دیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق منصوبے کی کامیاب کمیشننگ کے بعد اب کیلشیئم کاربائیڈ اور اس سے متعلق مصنوعات کی باقاعدہ پیداوار اور فروخت شروع ہو چکی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ چینی اور یورپی ماہرین کی نگرانی میں مکمل کیا گیا، جبکہ پیداواری یونٹ جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے۔ اس مقامی پیداوار سے کیلشیئم کاربائیڈ کی درآمد پر اٹھنے والے لاکھوں ڈالر کی بچت ممکن ہو سکے گی، جو ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کیلشیئم کاربائیڈ مختلف صنعتی عمل میں ایک اہم خام مال کے طور پر استعمال ہوتا ہے اور اس کی مقامی دستیابی سے صنعتی شعبے کو تقویت ملے گی۔ کمپنی کے مطابق مستقبل قریب میں میڈ اِن پاکستان کیلشیئم کاربائیڈ کو برآمد کرنے کا بھی منصوبہ ہے، جس سے برآمدات میں اضافہ اور پاکستان کی صنعتی صلاحیت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں مدد ملے گی۔













