نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس: پی آئی اے کے لیے عارف حبیب کنسورشیم کی بولی کی منظوری

بدھ 24 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نجکاری کمیشن بورڈ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے لیے عارف حبیب کنسورشیم کی طرف سے دی گئی سب سے زیادہ بولی کی منظوری کے لیے سفارش کردی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نجکاری کمیشن کے 246ویں اجلاس کی صدارت وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی نے بدھ کے روز کی۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کے نجکاری عمل میں شفافیت اور قومی مفاد کو یقینی بنایا گیا، مشیر نجکاری کمیشن

اجلاس میں بورڈ کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کے لیے 135 ارب روپے کی بولی دی گئی، جبکہ اس کے لیے 100 ارب روپے کو ریفرنس پرائس کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔

بورڈ نے جائزے کے بعد فیصلہ کیا کہ عارف حبیب کنسورشیم کی پیش کردہ بولی کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کی منظوری کے لیے پیش کی جائے۔

اجلاس میں بولی کی رقم پر بورڈ نے گہرا اطمینان ظاہر کیا اور مالیاتی مشیر اور نجکاری کمیشن کی ٹرانزیکشن ٹیم سمیت لین دین میں شامل دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

نجکاری کمیشن بورڈ نے وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری کی قیادت میں لین دین کو حتمی مرحلے تک پہنچانے کی کوششوں کی تعریف بھی کی۔

اعلامیے کے مطابق اب کابینہ کی نجکاری کمیٹی پی آئی اے کے لیے دی گئی سب سے زیادہ بولی کی منظوری دے گی، جس کے بعد حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے میں بہت زیادہ پوٹینشل، 100 فیصد شیئرز خریدنا چاہتے تھے: عارف حبیب

واضح رہے کہ گزشتہ روز عارف حبیب کنسورشیم نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے 75 فیصد شیئرز 135 ارب روپے میں خریدنے کی کامیاب بولی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp