سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر طارق نواز نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ این سی سی آئی اے نے عالمی سطح پر منظم سائبر فراڈ گروپ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 15 غیرملکی اور 19 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ڈکی بھائی نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھا دیے
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کے مطابق ملزمان شہریوں کو آن لائن انویسٹمنٹ کے جھانسے میں مبتلا کر کے لوٹنے میں ملوث تھے۔ یہ گروپ سوشل میڈیا کے ذریعے کرپٹو کرنسی اور فوریکس میں سرمایہ کاری کا جھانسہ دیتا اور شہریوں کو بڑے منافع کا یقین دلاتا تھا۔ متاثرین کو جعلی لاگ ان دکھا کر انہیں اصلی سرمایہ کاری پورٹل کے بارے میں مطمئن کیا جاتا تھا۔

ملزمان سے غیرقانونی گیٹ وے ایکسچینج اور ہزاروں انٹرنیشنل سمز برآمد کی گئیں، جو سوشل میڈیا اور ٹیلیگرام پر جعلی اکاؤنٹس بنانے میں استعمال ہو رہی تھیں۔ اس کے علاوہ 37 کمپیوٹرز، 40 موبائل فون، 10 ہزار سے زائد موبائل سمز اور 6 غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج بھی ضبط کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایمان مزاری کے خلاف سائبر کرائم کیس میں خصوصی پراسیکیوٹرز مقرر
ایڈیشنل ڈائریکٹر NCCIA طارق نواز نے بتایا کہ گرفتاریاں کراچی کے ڈی ایچ اے فیز ون اور 6 سے عمل میں آئی ہیں اور تحقیقاتی ٹیم تیکنیکی بنیادوں پر مزید شواہد پر کام کر رہی ہے۔














