چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے راولپنڈی کے کرسٹ چرچ میں کرسمس کی تقریبات میں شرکت کی اور مسیحی برادری کے ساتھ اس خوشی کے موقع پر شریک ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد دی اور امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیے: یومِ قائد اعظم اور کرسمس کے موقع پر اسحاق ڈار کا پیغام: مذہبی ہم آہنگی اور برابری کے عزم کا اعادہ
فیلڈ مارشل نے قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مساوات، آزادی اور مذہبی رواداری کے وژن کو اجاگر کیا اور کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے نظریے کی بنیادی اساس ہے۔
چرچ میں موجود افراد سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے ملکی ترقی اور سلامتی کے لیے پاکستانی مسیحیوں کی دیرینہ خدمات کو سراہا، جن میں پاکستان کی مسلح افواج میں ان کی فخر انگیز اور نمایاں خدمات شامل ہیں۔
انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طاقت اس کے تنوع، مساوی مواقع اور آئینی اقدار میں مضمر ہے جو مذہب، نسل، ذات اور عقیدے سے بالاتر ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: سپریم کورٹ آف پاکستان میں ایسٹر کی تقریب، مسیحی برادری کی خدمات کا اعتراف
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج آئینِ پاکستان کے تحت تمام شہریوں کے وقار، تحفظ اور مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔
بیان کے مطابق مسیحی برادری کے رہنماؤں نے فیلڈ مارشل کے دورے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے وطن کے دفاع، شمولیت، مذہبی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کے فروغ میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔












