بالی ووڈ کے ورسٹائل مرحوم اداکار عرفان خان کی کاسٹیوم ڈیزائنر نے انکشاف کیا ہے کہ عرفان خان کی صحت فلم ’انگریزی میڈیم‘ کی شوٹنگ کے دوران بگڑتی چلی گئی تھی۔
اسمرتی چوہان نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران عرفان خان واضح طور پر کمزور ہوتے جا رہے تھے اور کئی مواقع پر ان کی حالت ایسی ہو جاتی تھی کہ شوٹنگ منسوخ کرنا پڑتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: عرفان خان، منوج باجپائی اور میرے ساتھ بڑے بجٹ کی فلم کیوں نہیں بنائی گئی؟ نواز الدین صدیقی کا حیران کن انکشاف
انہوں نے کہا کہ عرفان خان کو غیر معمولی طور پر سردی لگتی تھی جس کے باعث ان کے لباس میں اضافی تہیں اور پیڈنگ شامل کی جاتی تھی۔ اسمرتی کے مطابق شوٹنگ کے دوران عرفان خان کا جسمانی وزن کم ہوتا جا رہا تھا جس کی وجہ سے ان کے ملبوسات میں بار بار تبدیلیاں کرنی پڑیں۔
اسمرتی چوہان نے مزید بتایا کہ کئی دن ایسے بھی آئے جب عرفان خان شدید درد کے باعث سیٹ تک پہنچنے سے قاصر رہے حالانکہ وہ پوری کوشش کرتے تھے کہ شوٹنگ میں حصہ لیں۔ ان کے بقول عرفان خان کے اہلِ خانہ زیادہ تر وقت ان کے ساتھ موجود رہتے تھے اور بعض اوقات انہیں شوٹنگ کے دوران وقفہ لینا پڑتا تھا کیونکہ وہ تکلیف برداشت نہیں کر پا رہے ہوتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بالی وڈ اداکار عرفان خان کے بعد زندگی کیسی ہے؟
انہوں نے کہا کہ عرفان خان اپنے کام سے غیر معمولی وابستگی رکھتے تھے اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ آخری وقت تک اداکاری جاری رکھنا چاہتے تھے۔
واضح رہے کہ عرفان خان اپریل 2020 میں 53 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ عرفان خان کو مارچ 2018 میں نیورو اینڈو کرائن کا مرض لاحق ہوگیا تھا اور وہ علاج کے لیے بھارت سے برطانیہ منتقل ہوگئے تھے۔ اس وقت عرفان خان نے سوشل میڈیا پر بتایا تھا کہ وہ گزشتہ کئی روز سے طبیعت میں خرابی محسوس کر رہے تھے اور انہیں معلوم ہوا تھا کہ وہ کسی خطرناک یا موذی مرض میں مبتلا ہیں۔
عرفان خان نے ٹیلی ویژن اور تھیٹر سے کیریئر کا آغاز کیا بعدازاں وہ 1988 کی فلم ’سلام بومبے‘ میں مختصر کردار کے لیے جلوہ گر ہوئے اور یہی سے ان کے فلمی کیریئر کا آغاز ہوا۔ وہ اپنے کیریئر میں ’حاصل‘، ’مقبول‘، ’لائف ان اے میٹرو‘، ’دی لنچ باکس‘، ’حیدر‘، ’پیکو‘، ’تلوار‘ اور ’ہندی میڈیم‘ جیسی کامیاب فلموں میں جلوہ گر ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان مخالف پروپیگنڈا پھیلانے پر بالی ووڈ فلم ’دھُرندھر‘ کو بڑا دھچکا
انہوں نے اپنے کیریئر میں بھارتی نیشنل ایوارڈ اور فلم فیئر ایوارڈ جیسے اعزازات بھی حاصل کیے۔ اور ’سلم ڈاگ ملینیئر‘، ’لائف آف پائے‘، ’دی امیزنگ اسپائے ڈر مین‘ اور ’جریسک ورلڈ‘ جیسی نامور ہالی ووڈ فلموں میں بھی کام کیا۔
دنیا فانی سے کوچ کرنے سے قبل زندگی کے آخری ایام میں انہوں نے اپنی مقبول فلم ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل ’انگلش میڈیم‘ کی شوٹنگ کروائی تھی جسے ان کی زندگی میں ہی ریلیز کردیا گیا تھا۔














