تھائی لینڈ اور کمبوڈیا نے کئی ہفتوں سے جاری خونریز سرحدی جھڑپوں کے خاتمے کے لیے فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ دونوں ممالک نے ہفتے کے روز ایک مشترکہ بیان میں اس فیصلے کی تصدیق کی۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق، جو کمبوڈیا کی جانب سے جاری کیا گیا، دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ 27 دسمبر 2025 کو دوپہر 12 بجے (مقامی وقت) سے جنگ بندی نافذ العمل ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے تھائی لینڈ کمبوڈیا جنگ بندی معاہدہ، سعودی عرب کا خیر مقدم
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جنگ بندی تمام اقسام کے ہتھیاروں پر لاگو ہوگی اور اس میں شہری آبادی پر حملے، شہری تنصیبات اور انفراسٹرکچر اور فوجی اہداف سب شامل ہوں گے، اور یہ پابندی تمام علاقوں اور ہر صورت میں نافذ ہوگی۔
یہ اعلان دونوں ممالک کی خصوصی جنرل بارڈر کمیٹی کی جانب سے کیا گیا، جس کا مقصد سرحدی کشیدگی کم کرنا اور مزید جانی و مالی نقصان کو روکنا ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ ہفتوں میں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان متنازع سرحدی علاقوں میں شدید جھڑپیں ہوئیں، جن میں متعدد افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے، جبکہ سرحدی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا
دونوں ممالک نے امید ظاہر کی ہے کہ جنگ بندی کے اس معاہدے سے خطے میں امن و استحکام بحال ہوگا اور مستقبل میں بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی راہ ہموار ہو گی۔














