پاکستان نے صومالیہ کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدالسلام سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: اسرائیل کی جانب سے ’صومالی لینڈ‘ کا تسلیم کیا جانا خطے کے لیے خطرناک ہے، اسلامی ممالک کی مذمت
اسحاق ڈار نے صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور ایسی کسی بھی کارروائی کی مذمت کی جو ان کے وقار یا سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے۔
صومالیہ کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے اس مؤقف پر شکریہ ادا کیا کہ وہ صومالیہ کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کی مسلسل اور مستحکم حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے صومالیہ کے مسائل کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھانے کے لیے پاکستان کی مدد بھی طلب کی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر صومالیہ کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے صومالی لینڈ کو ریاست کے طور پر تسلیم کر لیا ہے، جس پر اسلامی ممالک نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
مشترکہ اعلامیے پر پاکستان، فلسطین، قطر، سعودی عرب، صومالیہ اور سوڈان کے علاوہ ترکیہ، یمن، اردن، مصر، الجزائر، کوموروس، جبوتی، گیمبیا، ایران، عراق، کویت، لیبیا اور مالدیپ بھی دستخط کنندگان میں شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: اسرائیل خودساختہ صومالی لینڈ کو آزاد ریاست تسلیم کرنے والا پہلا ملک بن گیا
دفتر خارجہ کے مطابق نائجیریا، عمان اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھی اس مشترکہ مؤقف کی حمایت کی ہے۔














