پاکستان کے ہائی کمشنر برائے بنگلہ دیش عمران حیدر نے امید ظاہر کی ہے کہ ڈھاکہ اور کراچی کے درمیان براہِ راست پروازیں آئندہ سال جنوری میں شروع کردی جائیں گی۔
انہوں نے اتوار کے روز ڈھاکہ میں اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ایک خیرسگالی ملاقات کے دوران اس امید کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان بنگلہ دیش تعلقات میں بہتری کا عمل سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی، دفتر خارجہ
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری اور ہوابازی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا۔
Flash: Dhaka-Karachi direct flights are expected to start in January, Pakistan's envoy to Bangladesh Imran Haider tells Yunus in a meeting earlier today pic.twitter.com/Xuz5vmsRL9
— Sidhant Sibal (@sidhant) December 28, 2025
اس کے علاوہ ثقافتی، تعلیمی اور طبی شعبوں میں روابط بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارت میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ دونوں ممالک کی کاروباری برادریاں نئی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں سرگرم ہیں۔
ثقافتی تبادلوں میں نمایاں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے عمران حیدر نے کہا کہ بنگلہ دیشی طلبہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم، بالخصوص میڈیکل سائنسز، نینو ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان بنگلہ دیش کو چاول برآمد کرے گا
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جگر اور گردوں کی پیوندکاری کے لیے پاکستان آنے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستان اس شعبے سے متعلق طبی تربیت اور تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کا خیرمقدم کرتے ہوئے سارک رکن ممالک کے درمیان سفری سرگرمیوں میں اضافے اور ثقافتی، تعلیمی اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے پر زور دیا۔
پروفیسر یونس نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تجارت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ہائی کمشنر عمران حیدر کے دورِ تعیناتی میں دونوں ممالک سرمایہ کاری اور مشترکہ کاروباری منصوبوں کے نئے مواقع تلاش کریں گے۔














