پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما یوتھ ونگ راؤ یاسر نے تحریک انصاف حقیقی کے نام سے نئی جماعت بنانے کا اعلان کیا۔ راؤ یاسر کون ہیں اور پاکستان تحریک انصاف میں کیسے شامل ہوئے، پارٹی میں کیا کردار رہا اور نئی پارٹی کیوں بنائی؟ سب لوگ یہی جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
راؤ یاسر کو پاکستان تحریک انصاف میں لانے والے پی ٹی آئی ملتان کے ضلعی صدر خالد وڑائچ ہیں انہوں نے ہی راؤ یاسر کو یوتھ ونگ میں عہدہ بھی دلوایا تھا۔
راؤ یاسر پر بدمعاشی، فراڈ کے کئی پرچے ملتان کے تھانوں میں درج ہیں، انکا تعلق ایک مڈل کلاس فیملی سے ہے، عثمان بزدار کی وزارت اعلیٰ کے دوران پی ٹی آئی کا سرکردہ کارکن ہونے کے ناطے اپنے کام با آسانی نکلوا لیتے تھے۔
لیکن اس عام سے کارکن نے کیسے پاکستان تحریک انصاف حقیقی بنا ڈالی؟
پی ٹی آئی سے حقیقی تک کا سفر
جنوبی پنجاب کے شہر ملتان سے تعلق رکھنے والے راؤ یاسر کو پی ٹی آئی کے اندر بھی کوئی نہیں جانتا اور ملتان شہر کے اندر بھی انکو کوئی پذیرائی نہیں ملی۔
راؤ یاسر کے قریبی دوستوں اور پی ٹی آئی کے لوگوں سے معلوم ہوا کہ ان صاحب کو مشہور ہونے کا بے حد شوق ہے۔
راؤ یاسر کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ جب یہ پی ٹی آئی میں تھے تو عجیب و غریب حرکات کیا کرتت تھے تاکہ لوگوں کی نظروں میں آسکیں۔ آج تحریک انصاف پر زوال دیکھ کر انہوں نے اپنے آپکو لیڈر ثابت کرنے کے چکرمیں پی ٹی آئی حقیقی جماعت بنانے کا اعلان کیا ہے۔
راؤ یاسر کے قریبی ذرائع کے مطابق نئی پارٹی بنانے کا مقصد صرف اور صرف لوگوں کی توجہ حاصل کرنا ہے۔
ملتان کے صحافیوں سے جب راؤ یاسر کے متعلق بات کی گئی تو انہوں نے بھی پہچاننے سے انکار کر دیا اور بتایا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں بھی انکو پارٹی میں کوئی خاص درجہ نہیں دیا جاتا تھا۔
بانی پاکستان تحریک انصاف حقیقی راؤ یاسر کے اب عزائم کیا ہیں؟
راؤ یاسر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے نوجوانوں کو غلط ٹریک پر ڈالا ہے، حساس اداروں نے بشری بی بی اور عثمان بزدار کی کرپشن کے بارے میں خان صاحب کو باربار بتایا لیکن انہوں نے کان نہیں دھرے۔
راؤ یاسر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان تحریک انصا ف حقیقی کے نام سے ایک نئی جماعت بنانے جا رہا ہوں، جس کا چیئرمین میں خود ہوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہا پاکستان تحریک انصاف حقیقی وہ سب کام کرے گی جو عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف نہ کر سکی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پرانے لوگ لائے تھے اس لئے وہ پارٹی چھوڑ کے چلے گئے ہیں، عمران خان نے نوجوانوں کو نئے پاکستان کے خواب دکھا کر ملک میں وہ کچھ کر دیا جو ہمارا دشمن بھی نہ کر سکا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ جیلوں میں بے گناہ افراد کے لئے مہم چلاؤں گا اور انہیں بازیاب کراؤں گا۔ راؤ یاسر نے پی ٹی آئی کے اسیر کارکنان کو اپنی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ میں ان لوگوں کے ساتھ مل کر اپنی پارٹی چلاؤں گا جو ملک سے مخلص ہوں گے۔
راؤ یاسر کا کہنا تھا کہ جلد ہی اپنی پارٹی کو منظم کروں گا، اکتوبر یا نومبر الیکشن جب بھی ہوں میرے نوجوان سیاست کریں گے، ہماری پارٹی سے نوجوان قیادت پارلیمنٹ میں جائے گی اور حقیقی معنوں میں ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرے گی۔
راؤ یاسر نے پریس کانفرنس کے اختتام پر پاک فوج زندہ باد کا نعرہ بھی بلند کیا۔