نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اگلے 2 سے 3 روز کے دوران شدید بارش اور برفباری کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آج رات ملک میں داخل ہونے والی مغربی ہواؤں کے باعث بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ 30 دسمبر کو مغربی ہواؤں کی شدت مزید بڑھ جائے گی جبکہ 31 دسمبر کو بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے اثرات 2 جنوری کی صبح تک رہ سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: بلوچستان اور شمالی علاقوں میں بارش اور برفباری، ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی برقرار
ناران، کاغان، سوات، دیر، کوہستان، مری، گلیات، اسکردو، ہنزہ سمیت متعدد پہاڑی علاقوں میں برفباری کی توقع ہے اور رابطہ سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ بارشوں کے باعث وسطی و جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند کی شدت میں کمی متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: بارشیں اور برف باری، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی
این ڈی ایم اے نے پی ڈی ایم ایز، جی بی ڈی ایم اے، ایس ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور ہنگامی ریسپانس ٹیمیں تیار رکھنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ عوام سے درخواست ہے کہ موسمی صورتحال اور حفاظتی اقدامات کے لیے ’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ‘ استعمال کریں۔














