الخدمت فاؤنڈیشن کی ’اسموگ فری لاہور‘ مہم: 10 منٹ میں  15 ہزار پودے لگانے کا منفرد ریکارڈ

جمعرات 25 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ’اسموگ فری لاہور‘ مہم کے تحت میگا پلانٹیشن ڈرائیو کے بڑے منصوبے کے تحت 3 ہزار رضاکاروں نے 7 ایکٹر اراضی پر 15 ہزار پودے لگا کر ’اربن فارسٹ‘ کا آغاز کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں پی ایچ اے کے تعاون سے ‘اربن فارسٹ’ کا آغاز کیا گیا ہے۔ مہم کا بنیادی مقصد لوگوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب دینا اور صاف ماحول فراہم کرنا ہے۔

پروگرام  میں الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل طاہر وٹو، پراجیکٹ ڈائریکٹر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور عبداللہ نثار چیمہ، الخدمت لاہور کے نائب صدر چوہدری سلیم، الخدمت والنٹیر ہیڈ صنان اکبر، مختلف جامعات کے سربراہان، طلبہ و طالبات اور رضاکاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

مہم کا  افتتاح الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ اور پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل طاہر وٹو نے پودا لگا کر کیا۔

اس موقع پر الخدمت کے  رضاکاروں نے 10 منٹ میں  15 ہزار پودے لگا کر منفرد ریکارڈ قائم کیا۔ پروگرام میں خاص طور پر الخدمت کفالت یتامیٰ پروگرام کے با ہمت بچوں نے بھی شرکت کی اور اپنے مرحوم والد کے نام کے پودے لگائے۔

اس کے ساتھ ساتھ شرکاء نے بھی جوش و جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے  اپنے پیاروں کے ناموں کے پودے لگائے  جن میں ارجن، پلکن، سکھ چین، نیم، جامن، مولسری اور املتاس کے پودے شامل ہیں۔

ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے شرکاء سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ پودا لگانا صدقہ جاریہ ہے اور اسموگ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت بھی ہے۔

پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل  طاہر وٹو نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی انسانی خدمات سمیت ’اسموگ فری لاہور‘ مہم جیسی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسموگ فری لاہور مہم کےلیے 5 سال تک ہر سال 90 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، جس کے پی ایچ اے الخدمت فاؤنڈیشن سمیت شہر بھر میں مختلف اداروں کے ساتھ مل کر جامع منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے تاکہ لاہور کی آب و ہوا کو صاف ستھرا اور صحت افزاء بنایا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp