۔
پیرس اولمپکس میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کرنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کی دنیا کے کھیلوں کی سب سے طاقتور اور بااثر شخصیات میں شمار ہونے والے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو سے دلچسپ اور یادگار ملاقات ہوئی ہے۔
یہ ملاقات دبئی میں ورلڈ اسپورٹس سمٹ کے موقع پر ہوئی، جس کے بعد ارشد ندیم نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’میدان سے عالمی فورمز تک، کھیل کی واقعی ایک ہی زبان ہوتی ہے۔ ورلڈ اسپورٹس سمٹ میں فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو سے ملاقات میرے لیے باعثِ اعزاز رہی۔‘
یہ بھی پڑھیے پیرس اولمپکس کے ہیرو ارشد ندیم کو دبئی میں بھی عالمی اعزاز مل گیا
اس ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جب ارشد ندیم جیسی پاکستانی اسپورٹس شخصیت کی ملاقات عالمی کھیلوں کی قیادت کرنے والی شخصیت سے ہوتی ہے تو یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ انہوں نے پاکستان کا نام بین الاقوامی سطح پر کس قدر بلند کر دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ محض ایک رسمی ملاقات نہیں بلکہ عالمی سطح پر تسلیم کیے جانے کا ایک تاریخی لمحہ ہے، جو وقار، مقام اور عالمی پہچان کی علامت بن چکا ہے۔
ارشد ندیم اب صرف پاکستان کے جیولن تھرو کے چیمپئن نہیں رہے بلکہ وہ پاکستانی کھیلوں کے عالمی سفیر کے طور پر ابھر چکے ہیں۔ وہ ایسے بین الاقوامی اسپورٹس آئیکون بن گئے ہیں جو دنیا کے اعلیٰ ترین کھیلوں کے فورمز پر پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے ٹوکیو اولمپکس کے بعد پاکستان چھوڑنے کی آفر ہوئی جسے مسترد کردیا تھا، ارشد ندیم
آج جہاں بھی کھیلوں کی دنیا کی بڑی شخصیات جمع ہوتی ہیں، وہاں پاکستان کا ایک نمایاں چہرہ ضرور نظر آتا ہے اور وہ چہرہ ارشد ندیم کا ہے۔













