پاکستان کے اولمپک جیولن تھرو چیمپئن ارشد ندیم نے عالمی سطح پر ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ انہیں دبئی میں منعقدہ ورلڈ اسپورٹس سمٹ کے دوران محمد بن راشد آل مکتوم گلوبل اسپورٹس ایوارڈ میں گلوبل بریک تھرو ایتھلیٹ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
ارشد ندیم کو یہ ایوارڈ پیرس اولمپکس میں شاندار اور ریکارڈ ساز کارکردگی پر دیا گیا، جہاں انہوں نے 92.97 میٹر کی تاریخی تھرو کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔
یہ بھی پڑھیے ٹوکیو اولمپکس کے بعد پاکستان چھوڑنے کی آفر ہوئی جسے مسترد کردیا تھا، ارشد ندیم
اس کارنامے کے ساتھ انہوں نے نہ صرف اولمپک بلکہ عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا، جو اس سے قبل ناروے کے اینڈریاس تھورکلڈسن کے پاس گزشتہ 16 برس سے موجود تھا۔ یہ کامیابی پاکستان کی جیولن تھرو میں پہلی اولمپک گولڈ میڈل بھی ثابت ہوئی۔
An honour for Pakistan 🇵🇰 @ArshadNadeemoff is our pride https://t.co/zYVnH2hVxF
— Attaullah Tarar (@TararAttaullah) December 29, 2025
ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے اور پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر ملنے والی اس پہچان سے نوجوان کھلاڑیوں کو حوصلہ ملے گا اور ملک میں جیولن تھرو کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔
واضح رہے کہ محمد بن راشد آل مکتوم گلوبل اسپورٹس ایوارڈ کا آغاز 2008 میں کیا گیا تھا، جس کا مقصد دنیا بھر میں نمایاں کھیلوں کی کامیابیوں اور خدمات کو سراہنا ہے۔
یہ بھی پڑھیے ’الحمدللہ، پاکستان کے لیے ایک اور گولڈ میڈل‘ آئندہ بھی مزید کامیابیاں آئیں گی، ارشد ندیم
رواں سال کے اس سمٹ میں ارشد ندیم واحد پاکستانی ایتھلیٹ تھے جنہوں نے پاکستان کی نمائندگی کی، جبکہ تقریب میں عالمی کھیلوں کی صنعت سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔












