سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں یو ای ٹی المنائی ایسوسی ایشن سعودی عرب کے زیرِ اہتمام ایک کامیاب نیٹ ورکنگ ایونٹ منعقد کیا گیا، جس میں سعودی عرب میں مختلف سرکاری اور نجی اداروں سے وابستہ ممتاز پاکستانی انجینئرز، ماہرین اور پروفیشنلز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان کے سفیر برائے سعودی عرب احمد فاروق تھے، جبکہ معروف ٹرینر اور موٹیویشنل اسپیکر سید قاسم علی شاہ نے بھی خصوصی شرکت کی اور شرکا سے خطاب کیا۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب میں سردی کا 17 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
ایونٹ میں صدر یو ای ٹی المنائی سعودی عرب مظہر حسین، عاصم جمیل، چیئرمین ریاض ریجن محسن علی زین، وائس چیئرمین عدنان لغاری اور انجینئر طارق شہزاد نے شرکت کی اور انتظامی امور میں اہم کردار ادا کیا۔
سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی انجینئرز اور پروفیشنلز نہ صرف پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں بلکہ سعودی عرب کی ترقی اور وژن 2030 میں بھی مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی جیسے تعلیمی اداروں کے سابق طلبہ کے درمیان مضبوط روابط، تجربات کا تبادلہ اور نوجوان نسل کی رہنمائی قومی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
مزید پڑھیں: یمن کے امن کے لیے مذاکرات ہی واحد حل ہیں، سعودی وزارت خارجہ
سفیرِ پاکستان نے مزید کہا کہ ایسے نیٹ ورکنگ فورمز نوجوان انجینئرز کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور تعلیمی و فنی ترقی کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے یو ای ٹی المنائی ایسوسی ایشن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
تقریب کا بنیادی مقصد سعودی عرب میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی انجینئرز کی نمایاں پیشہ ورانہ کامیابیوں کو اجاگر کرنا اور ان کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنا تھا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ اس فورم کے ذریعے نوجوان انجینئرز کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے اور مستحق و باصلاحیت طلبہ کے لیے نجی سطح پر وظائف (اسکالرشپس) کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جائے گا۔














