خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں گزشتہ روز سے جاری بارش رکنے کے بعد سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کے باعث موسم شدید سرد ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کے کالجز اور یونیورسٹیوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان
پشاور میں گزشتہ روز سے جاری بارش کا سلسلہ رک گیا ہے اور کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ سرد موسم کے باعث شہریوں کو شدید سردی کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آج دوپہر کے بعد بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق رواں برس بارشوں کے معمول سے ہٹ کر ہونے کی بڑی وجہ موسمیاتی تبدیلی ہے، جس کے اثرات ملک کے مختلف حصوں میں واضح طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔
🔴 مغربی ہواؤں کے زیر اثر ملک کے مختلف علاقوں میں بارش موسم سرد پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رات گئے سندھ اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا آغاز ہوا جنوبی بالائی سندھ اور شمالی بلوچستان میں زبردست بارشیں ریکارڈ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بالائی مشرقی پنجاب خیبرپختونخوا… pic.twitter.com/M5VXcr19iX
— WeatherWalay (@weatherwalay) December 31, 2025
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع مستونگ اور گردونواح میں رات بھر وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ ادھر ضلع کرک میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم سرد ہو گیا ہے۔
شمالی علاقوں میں متوقع برف باری کے پیش نظر مری اور گلیات میں محکمہ ہائی وے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے محکمہ ہائی وے کو مکمل الرٹ رہنے، برف ہٹانے کے لیے مشینری ہمہ وقت فعال رکھنے اور شاہراہوں پر بروقت نمک کے چھڑکاؤ کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بارشیں کہیں برفباری، کیا خشک سالی کا خاتمہ ہو پائے گا؟
مجموعی طور پر ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک ہے، تاہم بالائی اور مغربی علاقوں میں بارش اور برف باری کے باعث سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ آئندہ چند روز کے دوران درجہ حرارت میں مزید کمی کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔













