جرمنی میں کرسمس کے موقع پر ایک بڑی اور سنسنی خیز ڈکیتی کی واردات نے حکام کو ہلا کر رکھ دیا جہاں نامعلوم چوروں نے بینک والٹ میں سوراخ کر کے 30 ملین یورو سے زائد کی نقدی اور قیمتی اشیا چرا لیں۔
یہ بھی پڑھیں: پیرس: لوور میوزیم سے تاریخی تاج و جواہرات چوری، چوروں نے 7 منٹ میں واردات مکمل کی
پولیس کے مطابق یہ واردات جرمنی کے شہر گیلزنکرشن میں واقع اسپارکاسے سیونگز بینک میں کی گئی جہاں چوروں نے ایک بڑے ڈرل کی مدد سے والٹ توڑا اور 3 ہزار سے زائد لاکرز کھول لیے۔ ان لاکرز میں نقد رقم، سونا اور قیمتی زیورات موجود تھے۔
مزید پڑھیے: دنیا کے عجائب گھروں میں ہونے والی 10 بڑی چوریاں
پولیس نمائندے نے اس واردات کو فلم اوشنز الیون سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ڈکیتی انتہائی منصوبہ بندی اور پیشہ ورانہ انداز میں کی گئی۔ پولیس کو اس جرم کا علم پیر کی علی الصبح اس وقت ہوا جب بینک کا فائر الارم بجا۔
تحقیقات کے مطابق ملزمان نے کرسمس کے دوران علاقے میں سناٹے کا فائدہ اٹھایا، بینک میں داخل ہوئے اور قریبی پارکنگ گیراج کے راستے فرار ہو گئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات پارکنگ گیراج کی سیڑھیوں میں کئی افراد کو بڑے بڑے بیگ اٹھائے دیکھا گیا تاہم تاحال کسی کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔














