’ڈرائیونگ لائسنس کبھی نہیں بن سکے گا‘، تاحیات فیل قرار دیے گئے اسلام آباد کے شہری کا انوکھا قصہ

جمعرات 1 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد میں ڈرائیونگ لائسنس کے خواہشمند ایک شخص کا دعویٰ ہے کہ پولیس کی جانب سے انہیں تاحیات فیل قرار دے کر ان کی فائل (ڈرائیونگ پرمٹ) ضبط کر لی گئی جبکہ متعلقہ افسران نے بدتمیزی اور نازیبا زبان استعمال کرنے کے علاوہ پولیس کارروائی کی دھمکیاں بھی دیں۔ یہ واقعہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر زیر بحث بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈرائیونگ لائسنس کے لیے عمر کی حد 16 سال مقرر کی جائے، پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع

وی نیوز نے متاثرہ شخص سے رابطہ کرکے جاننے کی کوشش کی کہ آخر یہ معاملہ ہے کیا اور انہیں زندگی بھر کے لیے فیل کیوں قرار دے دیا گیا؟

اسلام آباد کے رہائشی اور ایک نجی کمپنی میں ملازم 41 سالہ محمد خلیل نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 11 دسمبر کو صبح 9 بجے اسلام آباد پولیس لائن اسٹیشن میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لیے پہنچے۔ انہوں نے ٹوکن حاصل کیا اور اپنی باری کے انتظار میں بیٹھ گئے تاہم انتظار کرتے کرتے تقریباً دن کے 12 بج گئے۔

محمد خلیل کے مطابق ان کی ڈیوٹی کا وقت 11 بجے کے بعد شروع ہو جاتا ہے اور اس دوران ان کے دفتر سے مسلسل کالز آ رہی تھیں کہ وہ کہاں ہیں۔ دفتر کو ثبوت فراہم کرنے کے لیے انہوں نے ٹیسٹ ایریا میں کھڑی گاڑی کی تقریباً 10 سیکنڈ کی ایک مختصر ویڈیو بنائی تاکہ یہ دکھایا جا سکے کہ وہ لائسنس کے عمل میں مصروف ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ویڈیو ابھی بھیجی بھی نہیں گئی تھی کہ ایک ٹریفک وارڈن نے فوراً ان سے موبائل فون لے لیا، ویڈیو ڈیلیٹ کروائی اور ان کی فائل بھی ضبط کر لی۔

مزید پڑھیے: ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے پر آف لوڈ ہونیوالا مسافر بالآخر سعودی عرب کیسے پہنچا؟

محمد خلیل کے مطابق انہوں نے موقع پر ہی معذرت کی اور یقین دہانی کروائی کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا، تاہم اس کے باوجود ان کی فائل پر ‘Fail Forever’ لکھ دیا گیا۔

محمد خلیل نے مزید بتایا کہ چند گھنٹوں بعد ان کا موبائل فون تو واپس کر دیا گیا مگر فائل نہیں لوٹائی گئی۔ جب انہوں نے وجہ پوچھی تو ٹریفک وارڈن نے کہا کہ ویڈیو بنانے کی وجہ سے انہیں تاحیات فیل کیا گیا ہے اور وہ چاہے کہیں بھی شکایت کر لیں۔

محمد خلیل کے مطابق بعد ازاں پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ آپ کو فائل فیض آباد سے ملے گی۔ جب وہ فیض آباد دفتر میں شفیق نامی افسر کے پاس گئے تو وہاں بھی انہیں یہی بتایا گیا کہ نہ اب ان کا لائسنس بنے گا اور نہ ہی فائل واپس ملے گی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس دوران افسران نے ان سے گفتگو کے دوران نازیبا زبان استعمال کی اور پولیس کارروائی کی دھمکیاں بھی دیں اور کہا کہ اب آپ جو بھی کر لیں۔ آپ کا لائسنس اسلام آباد سے نہیں بن سکتا۔

متاثرہ شہری نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ویڈیو بنانے جیسی معمولی غلطی پر دی جانے والی سخت سزا اور افسران کے غیر مناسب رویے کی تحقیقات کی جائیں اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں 500 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا، ٹریفک پولیس

محمد خلیل کے دوست شہزاد احمد کا کہنا ہے کہ ان کے دوست نے لاعلمی میں لائسنس ٹیسٹ کے دوران موبائل سے مختصر ویڈیو بنا لی جس پر متعلقہ افسران نے نہ صرف موبائل فون اور فائل ضبط کر لی بلکہ شدید بدسلوکی بھی کی۔

شہزاد کے مطابق ان کے دوست کو افسران نے بار بار دفتر کے چکر لگوائے اور مختلف افسران کے پاس بھیجا گیا اور سخت رویہ اختیار کیا گیا۔

شکایت کنندہ نے بتایا کہ انہوں نے ذاتی طور پر ضمانت دی، تحریری معافی نامہ لکھا، اپنا شناختی کارڈ بطور گارنٹی جمع کروایا اور مکمل ذاتی معلومات فراہم کیں جس کے بعد فائل اور موبائل واپس کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد میں ڈرائیونگ لائسنس کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟

شہزاد کا کہنا ہے کہ اس کے باوجود امیدوار کو دھمکیاں دی گئیں کہ نہ تو لائسنس بنے گا اور نہ ہی فائل واپس ملے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایک انسپکٹر نے انہیں دفتر سے زبردستی نکالنے کی دھمکی دی اور نازیبا الفاظ استعمال کیے۔

شہزاد نے سوال اٹھایا کہ اگر ایک غریب شہری سے لاعلمی میں غلطی ہو جائے اور وہ تحریری معافی بھی دے دے تو کیا اسے لائسنس سے محروم کرنا اور تذلیل کرنا قانوناً درست ہے؟ انہوں نے اعلیٰ حکام سے معاملے کی انکوائری اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کا جاری کردہ ڈرائیونگ لائسنس اب دنیا بھر میں کارآمد ہوگا

ترجمان اسلام آباد پولیس تقی عثمانی کا کہنا ہے کہ مذکورہ معاملہ حل ہو چکا ہے لیکن دوسری جانب محمد خلیل اس حوالے سے لاعلم ہیں اور کہتے ہیں کہ ان سے کسی نے بھی ابھی تک کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

جنگ بندی کے بعد روسی حملے پر امریکا یوکرین میں کثیرالملکی فورس کی تعینانی کی حمایت کرے گا

لاہور، کراچی اور اسلام آباد کے ایئرپورٹس آؤٹ سورس کرنے کی منظوری دے دی گئی

مذاکرات موجودہ پارلیمنٹ کو ختم کرنے کے لیے ہوں گے، محمود اچکزئی، اسمبلیوں سے استعفوں کا بھی عندیہ

کراچی اوپن اسکواش: پہلا دن پاکستانی کھلاڑیوں کے نام رہا

آئی پی ایل سے نکالے گئے بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کا پی ایس ایل کھیلنے کا فیصلہ

ویڈیو

ڈنکے کی چوٹ پر آپریشن ہوگا، ڈی جی آئی ایس پی آر کا خیبرپختونخوا حکومت کو سخت جواب

خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کو سازگار ماحول میسر ہے، وزیراعلیٰ کا بیانیہ کھل کر سامنے آگیا، ڈی جی آئی ایس پی آر

مذاکرات صرف میڈیا کی زینت ہیں، کوئی حقیقی پیشرفت نہیں، وزیردفاع خواجہ آصف

کالم / تجزیہ

وینزویلا کی’فتح‘ کے بعد، دنیا کا نقشہ کیا بنے گا؟

منو بھائی کیوں یاد آئے؟

ہم نے آج تک دہشتگردی کے خلاف جنگ کیوں نہیں جیتی؟