وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان نے برطانیہ کی ایئر لائن نورس اٹلانٹک کو نامزد کرکے براہِ راست پروازیں شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس ایئرلائن کی پروازیں لندن، مانچسٹر اور برمنگھم سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے لیے دستیاب ہوں گی۔
مزید پڑھیں: برطانیہ میں عمران خان کے پوسٹر والے ٹرک پر نامعلوم افراد نے سیاہی پھینک دی
وزیر دفاع کے ٹویٹ کے مطابق بین الاقوامی ایئر لائنز کی اس آمد سے پاکستان میں مسابقتی ماحول فروغ پائے گا، جس کے نتیجے میں عالمی معیار کی سہولیات اور کرایوں میں توازن پیدا ہوگا۔
پاکستان نے برطانیہ کی ایئرلائن نورس اٹلانٹک (Norse Atlantic) کو نامزد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ ایئرلائن لندن، مانچسٹر اور برمنگھم سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کرے گی۔
پاکستان میں بین الاقوامی ایئرلائنز کی پروازوں میں اضافے سے مسابقتی…
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) January 1, 2026
ایک دوسری ٹویٹ میں انہوں نے بتایا کہ 6 سال کے وقفے کے بعد پی آئی اے 29 مارچ 2026 سے براہِ راست لندن ہیتھرو کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کر رہا ہے۔ ابتدائی طور پر ہفتے میں 4 پروازیں چلائی جائیں گی اور آئندہ مزید اضافہ کرنے کا منصوبہ ہے تاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنے وطن سے دوبارہ جوڑے جا سکیں۔
مزید پڑھیں: لندن کے لیے پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کی بحالی، آغاز کب سے ہوگا؟
وزیر دفاع نے اس کامیابی کو پاکستان سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کی مسلسل محنت کا نتیجہ قرار دیا، جس کے ذریعے پی آئی اے کی بین الاقوامی ساکھ کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ خواجہ آصف نے اپنے ٹویٹس میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان زندہ باد! الحمدللہ‘۔













