بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق ٹیم کی قیادت لٹن داس کریں گے۔
فاسٹ بولنگ کی کمان مستفیض الرحمان اور تسکین احمد کے ہاتھوں میں ہوگی، جو بولنگ لائن اپ کے اہم ستون سمجھے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کا فیصلہ، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا بڑا قدم
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ٹیم میں بیٹر جاکر علی کو جگہ نہیں دی گئی، جن کی حالیہ کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی۔ جاکر علی کے لیے 2025 کا سال خاصا مایوس کن ثابت ہوا، جہاں وہ 26 ٹی20 مقابلوں میں محض 378 رنز ہی بنا سکے۔
تسکین احمد جو دسمبر میں آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران ابو ظہبی ٹی10 لیگ میں مصروف ہونے کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں تھے، اب دوبارہ قومی اسکواڈ میں شامل کر لیے گئے ہیں۔ وہ اب تک 86 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں 106 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
فاسٹ بولنگ یونٹ میں مستفیض اور تسکین کے علاوہ تنزیم حسن، شریف الاسلام اور محمد سیف الدین شامل ہیں، جبکہ اسپن ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داری رشاد حسین، نسیم احمد اور مہدی حسن کے سپرد ہوگی۔
بیٹنگ لائن اپ کی قیادت کپتان لٹن داس کریں گے، جن کے ساتھ تنزید حسن اور سیف حسن سے رنز بنانے کی توقع کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی بھارت اور سری لنکا کریں گے، لیکن بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کا فیصلہ، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا بڑا قدم
بنگلہ دیش اسکواڈ:
ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے بنگلہ دیش کے اسکواڈ میں لٹن داس (کپتان)، تنزید حسن، پرویز حسین ایمون، سیف حسن، توحید ہردوئے، شمیم حسین، قاضی نورالحسن سوجن، مہدی حسن، رشاد حسین، نسیم احمد، مستفیض الرحمان، تنزیم حسن ساقب، تسکین احمد، سیف الدین اور شریف الاسلام شامل ہیں۔














