جرمنی کے دارالحکومت برلن میں مشتبہ آتش زنی کے باعث دسیوں ہزار گھروں کو جمعرات تک بجلی کی فراہمی معطل رہنے کا امکان ہے، جبکہ شدید سردی کے دوران بعض علاقوں میں حرارتی نظام بھی متاثر ہوا ہے۔
حکام کے مطابق ہفتے کی صبح ایک پاور پلانٹ کے قریب پل پر ہائی وولٹیج کیبلز میں آگ لگ گئی جسے پولیس مشتبہ آتش زنی کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: شادی کا مطالبہ، 45 سالہ شخص کا بجلی کے کھمبے پر انوکھا احتجاج
واقعے کے بعد جنوب مغربی برلن کے اضلاع میں تقریباً 45,500 گھر اور 2,200 کاروبار بجلی سے محروم ہو گئے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شدید نقصان کے باعث لگ بھگ 35,000 گھرانوں کو جمعرات تک بجلی بحال نہیں ہو سکے گی۔
برلن کی سینیٹر فرانزسکا گیفے نے کہا کہ یہ ایک سنگین بجلی کا تعطل ہے جس نے اسپتالوں، نگہداشت مراکز اور سماجی اداروں کو بھی متاثر کیا ہے۔ بجلی بند ہونے سے مقامی ڈسٹرکٹ ہیٹنگ سسٹم بھی متاثر ہوا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش مشتبہ آتش زنی کے طور پر شروع کر دی ہے اور متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔














