وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سیاست کا اصل مقصد عوام کی خدمت ہے اور حکومت بلاتفریق عوامی فلاح پر یقین رکھتی ہے، ذہین بچوں کے لیے ہونہار اسکالرشپ پروگرام جاری ہے۔ مزید ایک لاکھ بچوں کو بائیکس اور لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔ پنجاب کو زیادہ پیسہ ملنے کا جھوٹ بولا جاتا ہے، اصل میں کام کرنے کے لیے نیت اور ارادے کی کمی ہے۔
نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پنجاب میں سفارش کے کلچر کو ختم کردیا گیا، اور عوام کے ٹیکس سے حاصل ہونے والے فنڈز کو شفاف طریقے سے خرچ کیا جا رہا ہے۔ صوبے میں تقرریاں مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں۔
پنجاب کے عوام کا ایک ایک پیسہ پوری دیانت داری کے ساتھ پنجاب کے عوام پر ہی خرچ ہو رہا ہے۔ ورنہ یہی وزیراعلیٰ ہاؤس چند سال پہلے جوڑ توڑ کا اڈا بنا ہوا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز pic.twitter.com/dkUbZsJrwB
— WE News (@WENewsPk) January 5, 2026
مزید پڑھیں: مریم نواز کی مؤثر حکمت عملی، کاشتکار ’مڈل مین‘ کے مالی دباؤ سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب
انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے طلبہ پنجاب میں ہمارے مہمان ہیں۔ یہاں کے تعلیمی ادارے ہر صوبے کے بچوں کے لیے کھلے ہیں اور پنجاب کے دروازے دوسرے صوبوں کے عوام کے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔
وزیراعلیٰ نے جرائم کی روک تھام اور خواتین کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی منصوبے کے دائرہ کار کو پورے پنجاب میں بڑھایا جا رہا ہے، غریب اور مستحق افراد کے لیے 1 لاکھ 25 ہزار گھر بنائے جا رہے ہیں اور 5 سال میں پانچ لاکھ لوگوں کو رہائش فراہم کی جائے گی۔ جبکہ مفت ادویات بھی گھر گھر پہنچائی جا رہی ہیں۔
مریم نواز نے صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کیے گئے اقدامات کا ذکر بھی کیا۔
انہوں نے کہاکہ سرگودھا میں اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال قائم ہو چکا ہے، ستھرا پنجاب پروگرام کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور لاہور کی سڑکوں پر الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گرین بسوں کا کرایہ صرف 20 روپے ہے، پورے لاہور میں فری وائی فائی فراہم کی جا رہی ہے اور صوبے میں ہر ضلع میں بس اسٹیشنز اور دل کے امراض کے اسپتال بنائے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے اسپیشل بچوں کے لیے کیے گئے اقدامات بھی بیان کیے۔ انہوں نے کہاکہ اب تک 30 ہزار سرجریز ہو چکی ہیں اور ہر شہر میں خصوصی بچوں کے لیے سینٹر آف ایکسی لینس قائم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 20 ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر ہو رہی ہیں، ایک سال میں کسی شہر میں ڈرینیج کا مسئلہ باقی نہیں رہے گا، ایئر ایمبولینس سروس شروع کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: مریم نواز نے پنجاب کو گلدستہ بنا دیا، پختونخوا کی بہو ہونا عوام کی خوش قسمتی ہے، کیپٹن صفدر
انہوں نے کہاکہ ذہین بچوں کے لیے ہونہار اسکالرشپ پروگرام بھی جاری ہے۔ مزید ایک لاکھ بچوں کو بائیکس اور لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے اور غریب و مستحق افراد کے لیے جلد نئی ہیلپ لائن کا آغاز کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غریب و مستحق افراد کے لیے جلد نئی ہیلپ لائن کا آغاز کیا جائے گا۔














