کراچی کے رئیس گوٹھ سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمدگی کے مقدمے میں سی ٹی ڈی حکام نے گرفتار 3 ملزمان کو انسدادِ دہشت گردی عدالت کے منتظم جج کے روبرو پیش کردیا۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد تینوں ملزمان کو 24 جنوری تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان نیاز عرف گنک، حمدان اور جلیل احمد کو رئیس گوٹھ حب ریور روڈ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد، 3 دہشت گرد گرفتار، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 2 ہزار کلوگرام بارودی مواد، 30 سے زائد پلاسٹک ڈرم، گیس سلنڈر اور دیگر حساس اشیا برآمد ہوئی ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے، مجید بریگیڈ، فتنہ الہندوستان سے ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ایک انتہائی اہم آپریشن کے دوران خطرناک دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے 2 ہزار کلوگرام سے زائد انتہائی خطرناک بارودی مواد برآمد کیا گیا۔
مزید پڑھیں: کراچی پولیس کی کارروائی، بھارتی جاسوس اسلحہ سمیت گرفتار
دہشتگردوں نے رئیس گوٹھ کے علاقے میں بڑی مقدار میں بارودی مواد چھپا رکھا تھا، انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کے دوران ایک ٹرک، 30 سے زائد بڑے ڈرم اور 5 سلنڈر قبضے میں لیے گئے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ اس میں کمرشل نوعیت کا بارودی مواد بھی شامل تھا، جسے بعد ازاں ناکارہ بنا دیا گیا، ابتدائی کارروائی تفتیش کی بنیاد پر مجموعی طور پر 3 دہشت گردوں کو حراست میں لیا گیا۔














