فواد چوہدری و دیگر کی سیاسی مذاکرات کے لیے کوششیں، پی ٹی آئی نے ’نمائشی ڈائیلاگ کمیٹی‘ قرار دیدیا

منگل 6 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے رہنماؤں اور کارکنان کو سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، محمود مولوی اور عمران اسماعیل کی جانب سے ڈائیلاگ کمیٹی کے ذریعے کی جانے والی مذاکرات کی کوششوں کے حوالے سے واضح پیغام دے دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی اور فوکل پرسن پنجاب بریگیڈئیر (ر) مشتاق نے بیان میں کہاکہ ایک نام نہاد نمائشی ڈائیلاگ کمیٹی کے ذریعے پارٹی سے وابستہ افراد کو گمراہ کن پیغامات بھیجے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات: کون حکومتی رہنما حق میں کون مخالف؟

بریگیڈئیر (ر) مشتاق نے واضح کیاکہ یہ وہی افراد ہیں جنہوں نے مشکل ترین وقت میں چیئرمین عمران خان اور پی ٹی آئی کا ساتھ چھوڑ دیا، کھلے عام پریس کانفرنسیں کیں، سوشل میڈیا پر پارٹی سے لاتعلقی کے اعلانات کیے اور عملی طور پر پارٹی سے منحرف ہو گئے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ان افراد نے اپنی سیاسی وابستگی ختم کرنے کا اعلان کیا اور بعد ازاں دیگر سیاسی جماعتوں میں شامل ہو کر وہاں باقاعدہ عہدے بھی سنبھال لیے۔

’بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق، ان افراد کو باضابطہ نوٹیفکیشن کے ذریعے پارٹی سے خارج کر دیا گیا ہے، اور آج وہ کسی بھی صورت میں پی ٹی آئی سے منسوب ہونے کا اخلاقی، سیاسی یا تنظیمی حق نہیں رکھتے۔‘

بریگیڈئیر (ر) مشتاق نے کہاکہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس پہلے ہی اس قسم کے نمائشی اور غیر سنجیدہ پروگراموں کو مسترد کر چکے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بھی اپنے موقف کو واضح انداز میں بیان کیا ہے۔

انہوں نے رہنماؤں، عہدیداران اور کارکنان کو دوٹوک ہدایت کی کہ وہ اس نام نہاد ڈائیلاگ کمیٹی یا اس طرز کے کسی بھی سیاسی تماشے سے مکمل ہوشیاری اور دوری اختیار کریں۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کا بائیکاٹ، اسپیکر کا کمیٹی برقرار رکھنے کا اعلان

بریگیڈئیر (ر) مشتاق نے زور دے کر کہا کہ پارٹی کی پالیسی واضح ہے کہ نہ پی ٹی آئی، نہ اس کے کسی رہنما اور نہ ہی کسی کارکن کو ایسے خود ساختہ، گمراہ کن یا موقع پرستانہ اقدامات میں حصہ لینا ہوگا، اور نہ ہی ایسے عناصر کے ساتھ کسی بھی سطح پر رابطہ، ملاقات یا مکالمہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ فواد چوہدری، عمران اسماعیل اور محمود مولوی کا دعویٰ ہے کہ وہ سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مذاکرات کے لیے راہ ہموار کررہے ہیں اور اس سلسلے میں ایک قومی کانفرنس بھی بلائی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

وینیزویلا پر امریکی حملے کے بعد ’جیک رائن‘ سیریز کا کلپ کیوں وائرل ہوا؟

ریٹائرمنٹ کے بعد لیونل میسی کیا کرنا پسند کریں گے؟ فٹبالر نے خود بتادیا

پی ٹی آئی کا 8 فروری کو کوئی شو نہیں ہوگا، یہ پہیہ جام ہڑتال کی صلاحیت نہیں رکھتے، رانا ثنااللہ

پنجاب میں دھند کا راج برقرار، مختلف موٹرویز بند

امریکا کے بغیر روس اور چین کو نیٹو کا کوئی خوف نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

ویڈیو

خیبرپختونخوا میں گورنر راج، کیا سہیل آفریدی کی چھٹی کا فیصلہ ہوگیا؟

تبدیلی ایک دو روز کے دھرنے سے نہیں آتی، ہر گلی محلے میں عوام کو متحرک کریں گے، سلمان اکرم راجا

کراچی میں منفرد  ڈاگ شو کا انعقاد

کالم / تجزیہ

امریکا تیل نہیں ایران اور چین کے پیچھے وینزویلا پہنچا

وینزویلا کی’فتح‘ کے بعد، دنیا کا نقشہ کیا بنے گا؟

منو بھائی کیوں یاد آئے؟