بھارتی بزنس مین انیل اگروال کے بیٹے اگنی ویش اگروال انتقال کرگئے

جمعرات 8 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ویدانتہ گروپ کے چیئرمین انیل اگروال کے صاحبزادے اگنی ویش امریکا میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 49 برس تھی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وہ اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث وفات پا گئے۔

انیل اگروال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں اس دن کو اپنی زندگی کا سب سے تاریک دن قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے بیٹے کو حال ہی میں اسکیئنگ کے ایک حادثے کے بعد نیویارک کے ماؤنٹ سائنائی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کیا گیا تھا جہاں ان کی حالت بہتر ہو رہی تھی تاہم اچانک طبی پیچیدگی کے باعث دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔

انیل اگروال نے اپنے پیغام میں کہا کہ والدین کے لیے اولاد کا بچھڑ جانا ناقابلِ برداشت صدمہ ہے اور اس نقصان نے ان کے خاندان کو گہرے رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔

انیل اگروال نے کہا کہ ان کا بیٹا ایک سادہ مزاج، بااخلاق اور انسان دوست شخصیت کا حامل تھا، جس نے اپنے کردار اور قیادت سے بے شمار افراد کو متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ویَدانتہ گروپ میں کام کرنے والے ہزاروں نوجوان انہیں اپنی اولاد کی مانند محسوس ہوتے ہیں، جس سے انہیں کچھ حد تک حوصلہ ملتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معروف بھارتی اداکار انتقال کرگئے

انیل اگروال نے اپنے بیٹے کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے سماجی خدمت کے عزم کی تجدید کی اور اعلان کیا کہ وہ اپنی آمدنی کا 75 فیصد سے زائد حصہ سماج کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کرنے کے اپنے وعدے پر قائم رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگنی ویش اگروال کی یاد اور وراثت ان خدمات کے ذریعے زندہ رہے گی جو معاشرے کے لیے انجام دی جائیں گی۔

اگنی ویش اگروال کی پیدائش 3 جون 1976 کو پٹنہ میں ہوئی۔ انہوں نے مایو کالج، اجمیر سے تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے فجیرہ گولڈ کی بنیاد رکھی اور ویَدانتہ گروپ کی اہم کمپنی ہندستان زنک کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ ایک کامیاب کاروباری شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ کھیل اور موسیقی سے بھی گہرا شغف رکھتے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp