وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کو بڑی یقین دہانی کراتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان ریلوے کے ذریعے کراچی پورٹ کی کارگو ہینڈلنگ آئندہ 5 ماہ میں دگنی کر دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان ریلوے کا تاریخی سنگِ میل: 2025 میں 93 ارب روپے سے زائد آمدنی اور ملک گیر جدیدکاری
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے رواں سال کے پی ٹی کی کارگو ہینڈلنگ کو موجودہ 5 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد تک لے جائے گا، جو ملکی تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہوگی۔
ریکوڈک منصوبے کی کارگو ہینڈلنگ بھی شامل
وفاقی وزیر ریلوے نے بتایا کہ کے پی ٹی پر ریلوے ٹریک کے ذریعے ریکوڈک منصوبے کی کارگو ہینڈلنگ کو بھی اس جامع منصوبے میں شامل کیا گیا ہے، جس سے معدنیات کی ترسیل میں نمایاں بہتری آئے گی اور لاجسٹکس کے اخراجات میں کمی ممکن ہو سکے گی۔
ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ سسٹم کا فروغ
کراچی پورٹ ٹرسٹ حکام کے مطابق ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ سسٹم کے تحت فیری سروس کے مسافروں کو پاکستان ریلوے سے منسلک کیا جائے گا، جس سے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اور بندرگاہ و ریلوے کے درمیان رابطہ مضبوط ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان ریلوے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید، محفوظ اور مسافر دوست بنایا جائے، وزیراعظم شہباز شریف
تجارت اور لاجسٹکس میں بہتری کا عزم
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ بندرگاہوں کے ساتھ ربط بڑھا کر قومی تجارت، برآمدات اور ٹرانسپورٹ نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔












