آئرلینڈ نے سری لنکا اور بھارت میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
تجربہ کار اوپنر اور ٹی20 فارمیٹ میں آئرلینڈ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز پال اسٹرلنگ ایک بار پھر ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز لورکن ٹکر نائب کپتان ہوں گے۔
آئرلینڈ کا اسکواڈ
پال اسٹرلنگ (کپتان)، مارک اڈائر، راس اڈائر، بین کیلٹز، کرٹس کیمفر، گیرتھ ڈیلینی، جارج ڈاکریل، میتھیو ہمفریز، جوش لٹل، بیری مک کارتھی، ہیری ٹیکٹر، ٹِم ٹیکٹر، لورکن ٹکر، بین وائٹ اور کریگ ینگ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: آئرلینڈ ویمنز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان ویمنز کو آخری گیند پر شکست دیدی
اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل 15 میں سے 12 کھلاڑی گزشتہ ایڈیشن میں بھی آئرلینڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں، جبکہ ٹِم ٹیکٹر، بین کیلٹز اور میتھیو ہمفریز اس بار نئے چہروں کے طور پر ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔
یہ ٹی20 ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کی 9ویں شرکت ہوگی۔ آئرلینڈ کی بہترین کارکردگی 2009 اور 2022 میں رہی، جب ٹیم نے دوسرے مرحلے تک رسائی حاصل کی اور سابق چیمپئن ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کو شکست دی۔
آئرلینڈ کے قومی سلیکٹر اینڈریو وائٹ کا کہنا ہے کہ ٹیم اس بار پہلے سے بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کے مطابق 2022 کا ٹورنامنٹ یادگار رہا، تاہم 2024 میں ٹیم اپنی بہترین فارم میں نہیں تھی اور اب وہ اس کا ازالہ کرنا چاہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ٹی20 ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ اسکواڈ کا اعلان، قیادت کسے ملی؟
انہوں نے مزید کہا کہ آئرلینڈ ایک سخت گروپ میں شامل ہے، جس میں میزبان ٹیم کے خلاف بھی مقابلے ہوں گے، تاہم حالیہ برسوں میں ان ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا تجربہ آئرلینڈ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
ورلڈ کپ سے قبل آئرش ٹیم اٹلی اور متحدہ عرب امارات کے خلاف میچز کھیلے گی۔ ٹی20 ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کو گروپ بی میں سری لنکا، آسٹریلیا، عمان اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ آئرلینڈ اپنا پہلا میچ 8 فروری کو کولمبو میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔













