وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت این آئی ٹی بی کے امور پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کے لیے حکومتی سہولیات تک رسائی کو مزید آسان بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کہاکہ حجاج کرام کی سہولت کے لیے اسی سال حج کے تمام ضروری مراحل کو مکمل ڈیجیٹائز کیا جائے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا نیوٹیک کی کارکردگی پر اطمینان، تربیتی پروگرامز کے نئے اہداف کی ہدایت
انہوں نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ وزارتوں کی طرف سے اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز کے قیام کے لیے بھرپور تیاریوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کیو آر بیسڈ فیڈ بیک سسٹم کا جلد جائزہ لینے کا بھی اعلان کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ این آئی ٹی بی کے نئے سی ای او کی تعیناتی کے بعد ادارے کے پورے ڈھانچے کو عصری تقاضوں کے مطابق ازسرنو ترتیب دیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد میں شہریوں کے لیے آسان خدمت مرکز کھولنے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ سرکاری شعبے کے تمام اداروں کے لیے ایک محفوظ نئے ایپ کا جلد اجرا کیا جائے گا۔ اسپتالوں میں سروس کی بروقت اور بہتر فراہمی کے لیے ’ون پیشنٹ ون آئی ڈی‘ کا مربوط نظام تیاری کے آخری مراحل میں ہے، جس سے اسپتالوں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور مریضوں کی بہتر دیکھ بھال ممکن ہوگی۔
مزید یہ کہ بگ ڈیٹا کے استعمال سے عدلیہ کے لیے انالیٹکس ڈیش بورڈ بھی جلد تیار کیا جا رہا ہے۔ این آئی ٹی بی اس وقت 145 سے زائد سرکاری ویب سائٹس، 126 سے زیادہ پورٹلز اور 31 سے زائد موبائل فون ایپلی کیشنز چلا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: ’پاکستان کو آئی ٹی کا مرکز بنانے کے لیے کوشاں ہیں‘، وزیراعظم سے عرفہ کریم مرحوم کے والدین کی ملاقات
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔













