پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بدھ کے روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کی ملکیت کے حقوق کے لیے باضابطہ طور پر بولیاں طلب کر لی ہیں۔
اس حوالے سے پی سی بی کی جانب سے اشتہار جاری کیا گیا ہے تاکہ دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کار اور گروپس سامنے آ سکیں۔ پی سی بی کے مطابق 2021 کی چیمپئن فرنچائز ملتان سلطانز کے حقوق کے لیے خواہش مند امیدوار اپنی تکنیکی تجاویز 30 جنوری تک جمع کرا سکتے ہیں۔ صرف وہی بولی دہندگان اگلے مرحلے میں شامل ہوں گے جو تکنیکی معیار پر پورا اتریں گے۔
یہ بھی پڑھیے: ملتان سلطانز کو منافع میں لاکر دکھائیں گے، پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کا نام لیے بغیر علی ترین کو چیلنج
اس سے قبل رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ پی سی بی حالیہ 2 نئی پی ایس ایل ٹیموں کی کامیاب اور بلند مالیت پر فروخت کے بعد ملتان سلطانز کو بھی نیلام کرنے پر غور کر رہا ہے۔ گزشتہ ماہ بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ 31 دسمبر 2025 کو موجودہ معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد ملتان سلطانز کا کنٹرول پی سی بی خود سنبھال لے گا۔
🚨AUCTION FOR MULTAN SULTANS
– PCB Issued Tender To Sale Multan Sultans#Multansultans #PSLNewEra #mohsinnaqvi #PSL2026 pic.twitter.com/2LaFcmFQME
— usman (@Cricbyusman) January 14, 2026
ابتدائی منصوبے کے مطابق پی سی بی ایک سال تک فرنچائز خود چلانے کے بعد 2027 میں اسے نیلام کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔ اگر یہ منصوبہ نافذ ہوتا تو بورڈ کو سالانہ تقریباً 40 لاکھ ڈالر کی بچت متوقع تھی، کیونکہ مرکزی ریونیو پول سے 30 لاکھ ڈالر اور اسپانسرشپ کی مد میں مزید 10 لاکھ ڈالر دینے کی ضرورت نہ رہتی۔ تاہم آڈٹ رپورٹ میں یہ نشاندہی بھی کی گئی کہ اس صورت میں پی سی بی کو اس سال کے لیے 85 لاکھ ڈالر کی فرنچائز فیس سے محروم ہونا پڑتا۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان سپر لیگ سے قبل ’ملتان سلطانز‘ کی نیلامی کا فیصلہ
نومبر میں ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے سوشل میڈیا کے ذریعے فرنچائز سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران علی ترین اور پی سی بی کے تعلقات کشیدہ رہے جو بالآخر ناقابلِ اصلاح حد تک پہنچ گئے۔
ملتان سلطانز کو ابتدا میں چھٹی پی ایس ایل فرنچائز کے طور پر شون گروپ کو 52 لاکھ ڈالر کے معاہدے کے تحت دیا گیا تھا، جو اس وقت سب سے مہنگی ٹیم تھی۔ اس کے مقابلے میں کراچی کنگز 26 لاکھ ڈالر میں حاصل کی گئی تھی۔
فرنچائز کی فروخت کا فیصلہ پی سی بی کی جانب سے حالیہ 2 نئی ٹیموں، حیدرآباد اور سیالکوٹ، کی کامیاب نیلامی کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے نتیجے میں پی ایس ایل 11 میں ٹیموں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: وسیم اکرم پی ایس ایل کے برانڈ ایمبیسڈر مقرر، ملتان سلطانز سے متعلق بھی اہم اعلان
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے 28 دسمبر کو میڈیا کانفرنس میں تصدیق کی تھی کہ آئندہ پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن، جو 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک شیڈول ہے، کے دوران ملتان سلطانز کو پی سی بی خود چلائے گا، جس کے بعد فرنچائز کی نیلامی کی جائے گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ‘اس سال ملتان سلطانز کو پی سی بی آپریٹ کرے گا۔ پی ایس ایل کے اختتام کے بعد فرنچائز کو نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔’
انہوں نے مزید بتایا کہ جلد ایک عبوری انتظامی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے گا۔ ‘آئندہ 8 سے 10 دنوں میں ایک قائم مقام سربراہ مقرر کیا جائے گا جبکہ ایک پیشہ ور کرکٹر کو بھی اس سیزن کے لیے ٹیم مینجمنٹ کی ذمہ داری دی جائے گی۔’
واضح رہے کہ پی ایس ایل کا آغاز 2016 میں پانچ ٹیموں سے ہوا تھا جبکہ 2018 میں چھٹی ٹیم شامل کی گئی۔ اب 11ویں ایڈیشن میں دو نئی فرنچائزز کی شمولیت کے بعد لیگ مزید وسعت اختیار کر چکی ہے۔














