ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل امریکی اسکواڈ میں شامل 4 پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کے ویزے مسترد ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کھلاڑیوں میں فاسٹ بولر علی خان، شایان جہانگیر، احسان عادل اور محمد محسن شامل ہیں۔ علی خان نے سوشل میڈیا پر ویزا مسترد ہونے کی تصدیق کی ہے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں کے حوالے سے بھی ایسے ہی مسائل کی اطلاعات ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ اور انڈیا کا فائنل میں مقابلہ تاریخ ساز کیوں؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ویزا درخواستوں پر اضافی جانچ پڑتال کر رہا ہے، جس کے سبب پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کو ویزہ حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ آئی سی سی نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی باقاعدہ بیان جاری نہیں کیا، تاہم سمجھا جاتا ہے کہ وہ مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہے۔
امریکی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی کولمبو میں جاری تربیتی کیمپ میں شریک ہیں اور ویزا مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں اسکواڈ میں آخری لمحے پر تبدیلیاں کرنا پڑ سکتی ہیں، جو ٹیم کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ہیلو بھارت :انڈیا میں موجود پاکستانی کرکٹرز مداحوں سے کس بات کے خواہاں ہیں؟
اس صورتحال میں دیگر ٹیمیں بھی دلچسپی لے رہی ہیں، کیونکہ عمان، یو اے ای اور اٹلی کے اسکواڈز میں بھی پاکستانی نژاد یا پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے کھلاڑی شامل ہو سکتے ہیں۔ انگلش اسکواڈ میں عادل راشد اور ریحان احمد شامل ہیں۔
آئی سی سی نے گزشتہ ستمبر میں تمام ٹیموں کو آگاہ کیا تھا کہ بھارت اور سری لنکا کے ویزے حاصل کرنا متعلقہ بورڈز کی ذمہ داری ہوگی، تاہم ضرورت پڑنے پر آئی سی سی سہولت فراہم کرے گا۔ امریکا کے کیس میں یہ ذمہ داری آئی سی سی پر ہوگی۔













