سرحد پار ڈیجیٹل مالیاتی نظام: پاکستان اور امریکی کمپنی میں تعاون کا آغاز

بدھ 14 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومتِ پاکستان اور ورلڈ لبرٹی فائنانشل امریکا سے وابستہ ادارے ایس سی فائنانشل ٹیکنالوجیز ایل ایل سی کے درمیان بدھ کے روز ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام اور سرحد پار مالیاتی جدت میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیجیٹل جدت پاکستان میں مالیاتی شمولیت کو آگے بڑھانے کا بنیادی ذریعہ

اس ضمن میں جاری حکومتی اعلامیے کے مطابق اس معاہدے کا مقصد ’سرحد پار لین دین کے لیے ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگی کے ڈھانچوں پر منظم مکالمے اور تکنیکی فہم کو فروغ دینا‘ ہے۔

پاکستان کی جانب سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب جبکہ ورلڈ لبرٹی فنانشل کی جانب سے اس کے سی ای او زکری وِٹکوف نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب زکری وٹکوف کی قیادت میں ورلڈ لبرٹی فائنانشل کا وفد آج وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے اسلام آباد پہنچا۔

اس ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی اور چیئرمین پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب بھی موجود تھے۔

وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ڈیجیٹل پاکستان کے اپنے وژن سے آگاہ کیا، جس کا مقصد شہریوں کے لیے رابطہ کاری، رسائی، شفافیت اور کھلے پن میں اضافہ کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ٹوکنائزیشن، وزیر خزانہ کی عالمی وفد سے ملاقات

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں اور مالیاتی جدت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی رفتار پاکستان کی تیزی سے پھیلتی ڈیجیٹل معیشت کا ایک اہم جزو ہے۔

وزیر اعظم نے پاکستان کی ڈیجیٹل مالیاتی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان تیزی سے عالمی ڈیجیٹل فائنانس کا حصہ بنتا جا رہا ہے۔

ملاقات کے دوران زکری وٹکوف نے پاکستان کے ساتھ محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل ادائیگی کے ڈھانچے پر کام کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی، جس میں سرحد پار تصفیہ اور زرِ مبادلہ کے عمل میں جدت بھی شامل ہے۔

مزید پڑھیں: ویون گروپ کا پاکستان میں موجود موبی لنک بینک میں 20 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

زکری وٹکوف نے پاکستان کے پالیسی فریم ورک کی تعریف کی، جو ملک کو عالمی ڈیجیٹل فائنانس کے میدان میں ایک مضبوط امیدوار کے طور پر پیش کر رہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرنے اور نئی نسل کے ڈیجیٹل ادائیگی اور سرحد پار مالیاتی نظام کی جدت تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ لبرٹی نے گزشتہ سال کے پہلے نصف میں ٹرمپ خاندان کی ٹرمپ آرگنائزیشن کی آمدنی میں نمایاں اضافہ کیا، جس میں غیر ملکی اداروں سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی شامل تھی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی ورلڈ اکنامک فورم کے صدر سے ملاقات، تبادلہ خیال

گزشتہ مئی میں ابوظہبی کی سرکاری تحویل میں موجود سرمایہ کاری کمپنی ایم جی ایکس نے ورلڈ لبرٹی کے اسٹیبل کوائن کے ذریعے دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو ایکسچینج بائنانس میں 2 ارب ڈالر کے شیئرزخریدے تھے۔

پاکستان نقدی کے استعمال میں کمی اور ترسیلاتِ زر جیسے سرحد پار ادائیگی نظام کو بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل کرنسی منصوبوں پر کام کر رہا ہے، جو زرمبادلہ کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر نے جولائی میں کہا تھا کہ مرکزی بینک ڈیجیٹل کرنسی کے پائلٹ منصوبے کے اجرا کی تیاری کر رہا ہے اور ورچوئل اثاثہ جات کو ریگولیٹ کرنے کے لیے قانون سازی کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

مودی کی توجہ طلبی اور جرمن چانسلر کی دوری، بھارتی وزیراعظم ایک بار پھر مذاق کا نشانہ بن گئے

ہنگامہ آرائی کرنے والوں کو 26 نومبر سے بھی زیادہ سخت کارروائی کا سامنا ہوگا، طلال چوہدری

بنگلہ دیش: جماعتِ اسلامی کی قیادت میں انتخابی اتحاد، 253 نشستوں پر انتخابی معاہدہ طے

دھند کے باعث پاکستان میں فضائی آپریشن متاثر

بلوچستان کے علاقے خاران میں مسلح افراد کا تھانے اور بینکوں پر دن دہاڑے حملہ، ویڈیوز وائرل

ویڈیو

‘انڈس اے آئی ویک’ پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب کی طرف ایک قدم

جامعہ اشرفیہ کے انگریزی جریدے کے نابینا مدیر زید صدیقی

بسنت منانے کی خواہش اوورسیز پاکستانیوں کو بھی لاہور کھینچ لائی

کالم / تجزیہ

یہ اظہارِ رائے نہیں، یہ سائبر وار ہے

دو مہکتے واقعات جنہوں نے بہت کچھ سکھایا

’شام ڈھل جائے تو محسنؔ تم بھی گھر جایا کرو‘