اسلامی آندولن بنگلہ دیش نے مذہبی جماعتوں کے لیے متحدہ ’ون پلیٹ فارم‘ پالیسی کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پالیسی کے خدوخال کو حتمی شکل دینے کے لیے اندرونی مشاورت کا عمل جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش میں انتخابات 12 فروری کو ہی ہوں گے، شیڈول میں تبدیلی نہیں، چیف ایڈوائزر محمد یونس
بدھ کی سہ پہر ہنگامی پارٹی اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں پارٹی کے جوائنٹ سیکریٹری جنرل اور ترجمان مولانا غازی عطا الرحمان نے کہا کہ جولائی کی تحریک کے بعد ملک، قوم اور اسلام کے مفاد میں مفتی سید محمد رضاؤل کریم المعروف پیر صاحب چرمونائی نے ون پلیٹ فارم پالیسی کا اعلان کیا تھا اور اسلامی اندولن بنگلہ دیش اسی پالیسی پر ثابت قدمی سے عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری باہمی مشاورت جاری ہے اور بہت جلد ون پلیٹ فارم پالیسی کی شکل اور نوعیت واضح کر دی جائے گی۔
مولانا غازی عطا الرحمان نے مزید کہا کہ اسلامی جماعتوں کے ون پلیٹ فارم کے حوالے سے سیاسی حلقوں، صحافیوں اور محب وطن شہریوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی ملک اور اسلام دونوں کے لیے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی توقعات پوری ہوں گی۔
مزید پڑھیے: کنزیومرز ایسوسی ایشن آف بنگلہ دیش کا بھارت کے اڈانی گروپ کے ساتھ بجلی خریداری کے معاہدے کی منسوخی کا مطالبہ
مذکورہ اجلاس پارٹی کے امیر مفتی سید محمد رضا الکریم کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سینیئر نائب امیر مفتی سید محمد فیض الاسلام کریم، پریزیڈیم ممبر مولانا مصدق بلال المدنی، سیکریٹری جنرل یونس احمد، جوائنٹ سیکریٹری جنرل مولانا غازی عطا الرحمان، انجینئر اشرف الاسلام، پرنسپل شیخ فضل باری مسعود، اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل کے ایم عتیق الرحمٰن، مولانا احمد عبد القیوم سمیت پارٹی کے دیگر مرکزی رہنما شریک ہوئے۔













