وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگوانے کی ڈیڈ لائن آج رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے، جس کے بعد بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کا شہر میں داخلہ ممنوع ہوگا۔ اس ڈیڈ لائن میں توسیع کرنے کا تاحال فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق رات 12 بجے کے بعد شہر کے انٹری پوائنٹس پر بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایم ٹیگ کی آخری تاریخ: صرف 9 دن باقی، 15 جنوری سے بغیر ٹیگ گاڑیاں روکی جائیں گی
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر صورت آج تک اپنی گاڑی پر ایم ٹیگ لگوا لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک شہر بھر میں قائم 16 ایم ٹیگ سینٹرز سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری کیے جا چکے ہیں۔
ڈی سی اسلام آباد کے مطابق شہر کے 12 انٹری پوائنٹس اور مختلف ناکوں پر بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کی نشاندہی کے لیے ریڈرز نصب کر دیے گئے ہیں، جو مکمل طور پر فعال ہیں۔ ریڈرز کے فعال ہوتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں ایم ٹیگ ریڈرز کی تنصیب مکمل، خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے ہوں گے
دوسری جانب ڈی جی ایکسائز بلال اعظم نے شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایم ٹیگ سینٹرز کے اوقات کار میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ 26 نمبر چونگی اور 17 میل پھلگراں ٹول پلازہ پر قائم ایم ٹیگ سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے، جبکہ کچنار پارک اور سیکٹر ایف-9 پارک میں قائم کاؤنٹرز آج رات 12 بجے تک ایم ٹیگ کی سہولت فراہم کریں گے۔
واضح رہے کہ ایم ٹیگ منصوبہ اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت ہر گاڑی پر ایم ٹیگ کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن میں 15 دن کی اضافی مہلت دینے کا فیصلہ بھی سامنے آیا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق انٹری پوائنٹس پر چیکنگ کا عمل جاری رہے گا اور بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف مرحلہ وار قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں ایم ٹیگ کن 7 مقامات سے حاصل کیے جاسکتے ہیں؟
انتظامیہ کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچنے کے لیے بروقت اپنی گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگوا لیں۔














