بنگلہ دیش کے قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر خلیل الرحمان نے واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں بنگلہ دیش کے آئندہ عام انتخابات، دوطرفہ تجارت و اقتصادی تعاون، روہنگیا مہاجرین کے بحران اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کا امریکا کو پیغام، غزہ مشن میں شامل ہونے پر آمادگی
ڈاکٹر خلیل الرحمٰن نے انڈر سیکریٹری برائے سیاسی امور ایلیسن ہوکر اور اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ پال کپور سے ملاقاتوں کے دوران فروری میں متوقع عام انتخابات کی تیاریوں سے آگاہ کیا اور عبوری حکومت کی حمایت پر امریکا کا شکریہ ادا کیا۔ امریکی حکام نے بنگلہ دیش میں جمہوری منتقلی کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے شفاف، آزاد اور قابل اعتماد انتخابات کی امید ظاہر کی۔
ملاقاتوں میں دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون پر بھی گفتگو ہوئی، جس میں امریکی زرعی مصنوعات کی بنگلہ دیش میں درآمدات میں اضافے اور تجارتی تعلقات کے فروغ پر زور دیا گیا۔ ڈاکٹر خلیل الرحمٰن نے بنگلہ دیشی کاروباری افراد کے لیے ویزا پابندیوں میں نرمی کی درخواست کی، جس پر امریکی حکام نے ویزا پالیسیوں پر نظرثانی کے امکان کا عندیہ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا سے تجارتی مذاکرات، بنگلہ دیش کے لیے نئے مواقعوں کے امکانات روشن
روہنگیا مہاجرین کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر خلیل الرحمٰن نے انسانی امداد فراہم کرنے پر امریکا کا شکریہ ادا کیا، جبکہ امریکی حکام نے بنگلہ دیش پر پڑنے والے بوجھ کو تسلیم کرتے ہوئے عالمی سطح پر ذمہ داریوں کی منصفانہ تقسیم پر زور دیا۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر خلیل الرحمٰن نے بنگلہ دیش کے نجی شعبے کے لیے امریکی ترقیاتی مالیاتی ادارے کی معاونت اور سیمی کنڈکٹر شعبے میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں جانب سے علاقائی اور عالمی امور پر قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش اور امریکا کے مابین بارہویں دفاعی مذاکرات کا آغاز
بعد ازاں ڈاکٹر خلیل الرحمان نے بنگلہ دیش میں نئے امریکی سفیر برینٹ کرسٹینسن کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
12 جنوری کو ڈاکٹر خلیل الرحمٰن نے نیویارک میں بنگلہ دیشی قونصل خانے کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں بیرون ملک مقیم بنگلہ دیشی شہریوں کی آئندہ انتخابات اور ریفرنڈم میں شرکت کے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔














