ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارش اور برفباری کا نیا اور طاقتور سلسلہ متوقع ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے متعدد علاقوں کے لیے الرٹس جاری کر دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار، میدانی علاقوں میں شدید دھند جبکہ پہاڑوں میں یخ بستہ موسم
محکمہ موسمیات کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں موسم سرد رہے گا جبکہ مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں چترال، مالم جبہ، سوات، دیر، کالام اور بٹگرام میں بارش متوقع ہے، جبکہ ایبٹ آباد، کوہستان، مالاکنڈ اور مانسہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
Rain/snowfall predicated in Northern areas during coming days
Widespread rain/snowfall predicted in the country from mid of upcoming week#WeatherUpdate #PakistanWeather #Rain #Snowfall #RainAlert #SnowAlert #PMD #MetOffice #WeatherWarning #NorthernAreas pic.twitter.com/g3urSWfJ1j— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) January 15, 2026
پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں آج سے 23 جنوری تک وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
اس دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں شدید سردی کی لہر، کراچی میں بھی درجہ حرارت سنگل ڈیجیٹ میں داخل
گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔ اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، استور، دیامر، شگر اور گانچھے میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے 19 جنوری تک آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان رہے گا، جبکہ مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، پونچھ اور راولا کوٹ میں بھی بارش اور برفباری متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں دھند اور ملک بھر میں سرد موسم کی شدت، موٹر ویز بند، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
مزید بتایا گیا ہے کہ 20 جنوری سے بارش اور برفباری کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ 21 جنوری سے ملک کے بیشتر حصے ایک طاقتور موسمی نظام کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کے ساتھ سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔














