وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شبِ معراج کے بابرکت اور روح پرور موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس مقدس رات کی مذہبی اہمیت اور روحانی فیوض و برکات سے امتِ مسلمہ کو بھرپور استفادہ کی توفیق عطا فرمائے۔ شبِ معراج امتِ مسلمہ کے لیے عظیم روحانی اور ایمانی اہمیت کی حامل رات ہے، جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب حضرت محمد ﷺ کو معراج کا شرف عطا فرمایا۔
مزید پڑھیں: شب معراج، سندھ کے سرکاری اور نجی کالجز میں تعطیل کا اعلان
وزیراعظم نے کہا کہ شبِ معراج ہمیں ایمان کی مضبوطی، عبادت، صبر، تقویٰ اور اللہ تعالیٰ سے قربت کا درس دیتی ہے۔ یہ رات اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ نماز مومن کی معراج ہے، جس کے ذریعے فرد اور معاشرہ اخلاقی، روحانی اور عملی طور پر مضبوط بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بابرکت رات سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنا چاہیے اور باہمی رواداری، اخوت، عدل و انصاف کو فروغ دینا چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ واقعۂ معراج اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ حق کی راہ میں مشکلات اور آزمائشوں کے بعد اللہ تعالیٰ کی نصرت ضرور آتی ہے اور کامیابی مقدر بنتی ہے۔ موجودہ حالات میں توکلِ الہٰی، صبر اور استقامت کا پیغام ہماری انفرادی تربیت، قومی طرزِ عمل اور اجتماعی زندگی کے لیے نہایت رہنما حیثیت رکھتا ہے۔
مزید پڑھیں:شب معراج پر 3 چھٹیوں کا اعلان
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی کہ اس مقدس رات اللہ تعالیٰ کے حضور سر بسجود ہو کر وطنِ عزیز کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں تاکہ اللہ پاکستان کو ہمیشہ امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط فرمائے۔ آمین
صدر مملکت آصف علی زرداری کا شبِ معراج پر قوم کے نام پیغام
صدر مملکت آصف علی زرداری نے شبِ معراج کے بابرکت موقع پر پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔
صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ شبِ معراج امت مسلمہ کے لیے روحانی بلندی، کامل ایمان اور اللہ تعالیٰ کے قرب کی عظیم علامت ہے۔ اس مقدس رات اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی حضرت محمد ﷺ کو وہ عظیم الشان اعزاز عطا فرمایا جو انسانی فہم سے بالاتر ہے اور اہل ایمان کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ واقعۂ معراج ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ پختہ ایمان، صبر اور اطاعت کے ذریعے انسان بلند ترین اخلاقی اور روحانی درجات تک پہنچ سکتا ہے۔ مشکلات عارضی ہیں جبکہ اللہ کی رحمت اور نصرت ہمیشہ قائم رہتی ہے۔
مزید پڑھیں: قومی پیغامِ امن کمیٹی کی اپیل پر ملک بھر میں یومِ پیغامِ پاکستان منایا گیا
انہوں نے بتایا کہ شبِ معراج کے موقع پر امت مسلمہ کو نماز عطا کی گئی، جو خالق اور بندے کے درمیان براہِ راست تعلق قائم کرتی ہے۔ نماز محض عبادت نہیں بلکہ نظم و ضبط، کردار سازی اور اجتماعی ذمہ داری کا ذریعہ بھی ہے، جو منصفانہ اور متوازن معاشرے کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔
صدر زرداری نے قوم سے اپیل کی کہ شبِ معراج کے پیغام کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنایا جائے تاکہ برداشت، قانون کی بالادستی، سماجی انصاف اور انسانیت کے لیے ہمدردی کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو ایسی ریاست کی تعمیر میں کردار ادا کرنا چاہیے جہاں امن، صبر اور اخلاقی اقدار قومی شناخت ہوں۔
صدر مملکت نے کہا کہ شبِ معراج اتحاد، استقامت اور امید کا پیغام دیتی ہے اور پیچیدہ فکری، سماجی اور انسانی چیلنجز کے حل کے لیے یکجہتی اور اخلاقی عزم ضروری ہے۔













