سوئی سدرن گیس کمپنی نے کراچی میں گیس سپلائی سے متعلق نیا الرٹ جاری کرتے ہوئے صنعتی صارفین کے لیے عارضی طور پر گیس کی فراہمی معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے ترجمان کے مطابق سردیوں میں طلب میں غیر معمولی اضافے کے باعث گیس پریشر کو مستحکم رکھنے کے لیے گھریلو اور کمرشل صارفین کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ اسی پالیسی کے تحت صنعتی صارفین کے لیے گیس سپلائی ایک بار پھر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سوئی ناردرن کا ایک اور جھٹکا، گیس 291 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست
اعلامیے کے مطابق تمام صنعتی صارفین، کیپٹو پاور پلانٹس اور تمام سی این جی اسٹیشنز، چاہے وہ نیچرل گیس پر ہوں یا آر ایل این جی پر، کے لیے گیس سپلائی 48 گھنٹے کے لیے معطل رہے گی۔ یہ معطلی ہفتہ 17 جنوری صبح 8:00 بجے سے پیر 19 جنوری صبح 8:00 بجے تک برقرار رہے گی۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام طلب اور رسد کے فرق کو کم کرنے اور شہر بھر میں گھریلو و کمرشل صارفین کو مستحکم گیس پریشر فراہم کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ گھریلو اور کمرشل صارفین کے لیے معمول کے مطابق گیس لوڈ مینجمنٹ جاری رہے گی، جس کے تحت روزانہ رات 10:00 بجے سے صبح 5:00 بجے تک گیس کی فراہمی معطل رہتی ہے۔ یہ شیڈول سردیوں کے دوران برقرار رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں آج سوئی گیس کی سپلائی کیوں اور کب تک بند رہے گی؟
کمپنی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ معطلی کے دوران اگر گیس پریشر سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش ہو تو 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن 1199 پر شکایت درج کرائیں، جہاں عملے کو فوری کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔
سوئی سدرن گیس نے عوام اور میڈیا سے درست معلومات شیئر کرنے کی بھی درخواست کی اور کہا کہ ماضی میں سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلنے سے غیر ضروری تشویش پیدا ہوئی۔ درست معلومات کے ذریعے ابہام اور عوامی پریشانی میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں سرد موسم کے باعث گیس کی قلت برقرار ہے، جہاں ہیٹنگ اور کھانا پکانے کے لیے گیس کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔













