اسلام آباد پولیس نے اندھے قتل میں ملوث ملزم کو 48 گھنٹوں کے اندر گرفتار کرلیا ہے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے سال 2026 میں بھی اپنی کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھا ہے، ایک اندھے قتل میں ملوث ملزم کو 48 گھنٹوں کے اندر سراغ لگا کر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی کارروائی، دہرے قتل کا مجرم گرفتار
ڈی آئی جی کے مطابق شیخ عبدالرؤف کے قتل میں ملوث ملزم واجد خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد عثمان طارق بٹ اور ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی سربراہی میں خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، جن میں ایس پی او سی یو سلیمان ظفر، ڈی ایس پی آر ڈی یو سلیمان شاہ، ایس ایچ او آئی نائین کمال خان اور دیگر افسران شامل تھے۔
محمد جواد طارق نے بتایا کہ خصوصی ٹیموں نے سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے قلیل وقت میں قاتل کو ٹریس کیا۔ ان کے مطابق ملزم واجد خان گزشتہ 3 سال سے اسلام آباد کے سیکٹر ایف10 کے المصطفی ٹاور میں سیکیورٹی گارڈ کی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی کارروائی،کروڑوں روپے مالیت کی چوری شدہ گاڑیاں برآمد
ڈی آئی جی اسلام آباد نے مزید بتایا کہ ملزم واجد مقتول عبدالرؤف کا 3 سال سے خانسامہ بھی تھا۔ قتل میں ملوث ملزم کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے حوالے سے ڈی آئی جی نے بتایا کہ چونکہ ملزم مقتول کا ملازم تھا اور اس کے کچھ تحفظات تھے، اس لیے مزید تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم مقتول کی گاڑی بھی ساتھ لے گیا تھا جس کی برآمدگی کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی کارروائی، بچیوں سے زیادتی میں ملوث 2 ملزمان گرفتار
ڈی آئی جی محمد جواد طارق کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے ٹھوس شواہد کی روشنی میں چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔













