گورنر سندھ گل پلازہ کے متاثرہ تاجروں کے حق میں سامنے آگئے، بڑا مطالبہ کردیا

منگل 20 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سانحہ گل پلازہ سے متاثرہ تاجروں کی بحالی کے لیے اہم اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر میں قائم خالی پارکنگ پلازہ کی عمارت کو عارضی طور پر متاثرہ تاجروں کے کاروبار کے لیے استعمال میں لایا جائے۔ اس سلسلے میں وہ میئر کراچی کو باضابطہ خط لکھیں گے۔

مزید پڑھیں: سانحہ گل پلازہ: جماعت اسلامی نے وزیراعلیٰ سندھ سے استعفے کا مطالبہ کردیا، ملین مارچ کا اعلان

گورنر ہاؤس میں تاجر تنظیموں کے نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کامران خان ٹیسوری نے کہاکہ گل پلازہ کا واقعہ ایک سنگین المیہ ہے، ایسے موقع پر الزام تراشی کے بجائے متاثرہ تاجروں کی عملی مدد پر توجہ دی جانی چاہیے۔

انہوں نے واضح کیاکہ میئر کراچی کو خط لکھ کر درخواست کی جائے گی کہ متاثرہ دکانداروں کو پارکنگ پلازہ میں عارضی طور پر کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ ان کا روزگار بحال ہو سکے۔

گورنر سندھ نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے بھی اپیل کی کہ وہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ساتھ مل کر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مؤثر اور نتیجہ خیز کارروائی کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ گل پلازہ کی انتظامیہ کے صدر سے بھی بات چیت ضروری ہے تاکہ یہ جانا جا سکے کہ عمارت سے متعلق معاملات کس طرح چلائے جا رہے تھے۔

کامران خان ٹیسوری نے مزید کہاکہ وہ وزیراعظم پاکستان سے بھی درخواست کریں گے کہ وہ کراچی کا دورہ کریں اور وفاقی سطح پر متاثرین کے لیے فنڈز کے حصول میں کردار ادا کریں۔

مزید پڑھیں: گل پلازہ میں ہولناک آتشزدگی، قرآن پاک کے نسخے مکمل طور پر محفوظ رہے

انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے متاثرین کے لیے ایک کروڑ روپے کے معاوضے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے زور دیا کہ مستقبل میں اس نوعیت کے حادثات سے بچنے کے لیے ٹھوس اور مستقل اقدامات ناگزیر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp