دنیا کے مشہور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے بارے میں قیاس آرائیاں سامنے آ رہی ہیں کہ وہ فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد ایک حیران کن نئے سفر کا آغاز کر سکتے ہیں جس میں فلمی دنیا میں قدم رکھنا بھی شامل ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رونالڈو بہترین مڈل ایسٹ پلیئر قرار، ہزار گولز کا سنگ میل عبور کرنے کا عزم
40 برس کی عمر میں بھی رونالڈو کے عزم اور کارکردگی میں کوئی کمی نظر نہیں آتی۔ وہ فٹبال کی تاریخ میں 1,000 گول کرنے والے واحد کھلاڑی بننے کے لیے کوشاں ہیں۔
پرتگالی اسٹار نے سعودی کلب کے ساتھ معاہدہ بڑھا کر سنہ 2027 تک اپنے کیریئر کو توسیع دی ہے۔
فرانس کے ورلڈ کپ فاتح اور سابق آرسنل کھلاڑی ایمانوئل پیٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرسٹیانو رونالڈو ایک بڑے فلمی ستارے بن سکتے ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ کیا رونالڈو ایک عظیم فلمی اداکار بن سکتا ہے؟ بالکل۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ہم فلموں میں مزید کھیلوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو کیوں نہیں دیکھتے؟ ہم ریپرز اور انفلوئنسرز کو تو دیکھتے ہیں مگر اسپورٹس اسٹارز کو نہیں۔
پیٹی نے مزید کہا کہ رونالڈو میں کرشمہ اور شخصیت کی چمک موجود ہے اور وہ سوشل میڈیا پر دنیا کی سب سے مشہور شخصیت ہیں۔
مزید پڑھیے: رونالڈو بمقابلہ میسی: 2025 میں کمائی کی جنگ کس نے جیتی؟
ان کے مطابق اگر رونالڈو ہالی ووڈ کے بڑے ستاروں کے درمیان نظر آئیں تو یہ کسی سرپرائز سے کم نہیں ہوگا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب معروف اداکار ون ڈیزل نے اعلان کیا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو آئندہ فاسٹ اینڈ فیوریس فلم میں نظر آئیں گے اور ان کے کردار کی منصوبہ بندی بھی مکمل کر لی گئی ہے۔
ایمانوئل پیٹی کا کہنا تھا کہ رونالڈو کی زندگی پر مکمل فلم بنائی جا سکتی ہے اور وہ ذہنی طور پر نہایت مضبوط انسان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ان جیسا ذہنی طور پر طاقتور انسان کبھی نہیں دیکھا۔
دوسری جانب حال ہی میں کرسٹیانو رونالڈو اسپورٹیکو کی فہرست میں دنیا کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ایتھلیٹ قرار پائے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق انہوں نے سنہ 2025 میں تقریباً 260 ملین ڈالر کمائے جو ان کے دیرینہ حریف لیونل میسی کی کمائی سے تقریباً دگنا ہے۔
مزید پڑھیں: فیفا کا رونالڈو کو بڑا ریلیف، فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت برقرار
اس کے علاوہ رونالڈو اور لیونل میسی دونوں سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ آئندہ فیفا ورلڈ کپ میں بھی شرکت کریں گے جو امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا۔














