بھارتی شہر اندور میں کھیلے گئے فیصلہ کن ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں نیوزی لینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو شکست دے کر نہ صرف سیریز اپنے نام کی بلکہ تاریخ رقم کر دی۔
اس تاریخی کامیابی کے ہیرو ڈیرل مچل رہے، جنہوں نے بیٹنگ اور فیلڈنگ دونوں شعبوں میں میچ کا پانسہ پلٹ دیا، اس کارکردگی نے انہیں آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر لا بٹھایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کیخلاف کلین سوئپ، پاکستان ون ڈے کرکٹ میں عالمی نمبر ون بن گیا
میچ کے آخری لمحات میں جب ویرات کوہلی کا اونچا شاٹ لانگ آن باؤنڈری کی جانب گیا تو وہاں موجود ڈیرل مچل نے پُراعتماد انداز میں کیچ تھام کر بھارت کی آخری امید بھی ختم کر دی۔
اس موقع پر نیوزی لینڈ کی سیریز جیت کی امیدیں مکمل طور پر مچل کے ہاتھوں میں تھیں، اور انہوں نے ایک لمحے کی لغزش کے بغیر اپنی ذمہ داری نبھائی۔
All hail the new No.1! 👑 Daryl Mitchell sits at the top of the ODI world. 🥇 #DarylMitchell #No1Batter #NewZealand #crictoday pic.twitter.com/lL39nekmkO
— Crictoday (@crictoday) January 21, 2026
اس سے قبل مچل نے بیٹنگ میں شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 131 گیندوں پر 137 رنز اسکور کیے، جو ان کی ون ڈے کیریئر کی 9ویں سینچری تھی۔
اس سینچری کے ساتھ ہی وہ صرف 54 اننگز میں 9 ون ڈے سینچریاں بنانے والے دنیا کے چوتھے تیز ترین بلے باز بن گئے۔
اس فہرست میں ان سے آگے صرف امام الحق، ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کاک شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: ون ڈے کرکٹ میں عالمی نمبر 1: ’جلوہ ہے ہمارا یہاں’
سیریز میں ڈیرل مچل نے مجموعی طور پر 352 رنز اسکور کیے، جو کسی بھی 3 میچوں کی ون ڈے سیریز میں کسی نیوزی لینڈ کے بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور ہے۔
مجموعی طور پر یہ ریکارڈ تاریخ کا تیسرا بڑا اسکور ہے، جس سے آگے صرف بابر اعظم اور شبمن گل ہیں۔
بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے 108 گیندوں پر 124 رنز بنائے، تاہم ان کی یہ اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

ڈیرل مچل کی کارکردگی نے کوہلی کی سینچری کو بھی پس منظر میں دھکیل دیا۔
اس شاندار سیریز کے بعد آئی سی سی کی تازہ ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں ڈیرل مچل 845 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے، جبکہ ویرات کوہلی 795 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلے گئے۔ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ ڈیرک مچل ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں سرفہرست آئے ہیں۔
مزید پڑھیں: کس کھلاڑی کا کونسا نمبر؟ آئی سی سی نے نئی پلیئر رینکنگز جاری کردیں
ڈیرل مچل کی کہانی جدوجہد، مستقل مزاجی اور محنت کی ایک شاندار مثال ہے۔
28 سال کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کرنے والے اس کھلاڑی نے ثابت کر دیا کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی، آج وہ عالمی کرکٹ میں اپنی مضبوط شناخت قائم کر چکے ہیں۔













