وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل حالات سے باہر آ چکا ہے، اب ملک اقتصادی استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان نے صدر ٹرمپ کی ‘غزہ بورڈ آف پیس‘ میں شمولیت کی دعوت قبول کرلی
ڈیووس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کو برآمدات پر مبنی ترقی کی راہ اپنانا ہوگی، ملکی نظام میں بنیادی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اب سفارتی تنہائی سے بھی باہر نکل چکا ہے، اور زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری آ رہی ہے، ان تمام عوامل کے باعث پاکستان کے معاشی اشاریے تسلی بخش ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کی نجکاری مکمل شفافیت کے ساتھ عمل میں لائی گئی، علم اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اب معدنیات کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری ہورہی ہے، ہم نے ریونیو اکٹھا کرنے کے نظام میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ پالیسی ریٹ 22.5 فیصد سے کم ہو کر 10.5 فیصد ہوگیا، جو معیشت میں بہتری کی مثال ہے۔
مزید پڑھیں: عالمی اقتصادی فورم کا اختتامی سیشن، وزیراعظم نے غزہ کا معاملہ اٹھا دیا، شرکا کی جانب سے داد
انہوں نے کہاکہ حکومت نے نوجوانوں کو تربیت کی فراہمی اور ہنرمند بنانے کے لیے متعدد پروگرام شروع کیے ہیں۔














