مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما شیخ روحیل اصغر نے کہا ہے کہ ان کی پوتی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی پر تنقید کرنے والے سیاسی یتیم ہیں۔ ان کی بیمار ذہنیت پر مجھے افسوس ہوتا ہے۔ ان کی اچھے لوگوں نے پرورش نہیں کی۔ خوشی پہ آپ اتنا کیوں منفی ہوتے ہیں کہ دوسروں کو خوشیوں کو نہ دیکھ سکیں۔
وی نیوز سے ایک خصوصی انٹرویو میں شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ انصار عباسی Saddest انسان ہیں، انہوں نے شادی پر کالم لکھ دیا۔ وہ ملک پر لکھیں، ملک کی معیشت پر بات کریں وہ شادیوں پر کالم لکھ رہے ہیں۔ ان کے قلم میں یہ سیاہی بھری ہوئی ہے کہ تم اس طرح کالم لکھنا شروع کر دو، اگر اللہ نے پیسے دیے ہیں تو شادیوں پر خرچ کرنے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف لوگوں کے لیے اپنی جیب سے ویلفیر کا کام کرتے ہیں، لوگوں کی مالی مدد کرتے ہیں لیکن کسی کو بتاتے نہیں۔ نواسے کی شادی پر اگر میاں نواز شریف نے پیسے خرچ کر دیے ہیں تو تکلیف کیا ہے، نواز شریف نے کسی سے پیسے لیکر نواسے کی شادی کی ہے یا کسی کی گردن کاٹ کر نواسے کی شادی پر لگائے ہیں تو پھر بات سمجھ آتی ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز نے بیٹے جنید صفدر کی شادی پر 48 لاکھ کے جوڑے پہنے
روحیل اصغر نے کہا کہ میں نے اپنی پوتی کی شادی پر خرچ اپنی حثیت کے مطابق کیا، میری پوتی کی پھوپھی ملک کی سب سے بڑی ڈریس ڈیزائینر ہے، شادی کے سارے ملبوسات اس نے ڈیزائین کیے، ایک دنیا آکر اس سے ڈریس ڈیزائن کرواتی ہے اس کا لباس پہنتی ہے، اسی وجہ سے تو کہہ رہا ہوں کہ ان بیمار ذہنوں پر مجھ ترس آتاہے۔کیوں یہ لوگ، لوگوں کی بہو بیٹیوں پر بات کرتے ہیں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا عمران خان کے عدت کیس پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا، انہیں یہ کام نہیں کرنا چاہئیے تھا، کیا عمران خان کی یہ شادی تھی؟ کسی کی ذاتی زندگی کو ڈسکس نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ جنید صفدر اور شانزے علی کی شادی مریم نواز کی بیٹی ماہ نور نے کروائی ہے۔ ماہ نور نے اپنی والدہ کو کہا پھر اپنے نانا نواز شریف سے کہا ہوگا پھر یہ بات آگے چلی، جنید صفدر سے نواز شریف بہت پیار کرتے ہیں۔ میں نے نواز شریف کو کہا کہ آپ پہلے میرے لیڈر ہیں پھر رشتے داری ہے۔ ہماری طرف سے نواز شریف ہمارے وکیل ہیں، میری بیٹی کے نکاح میں گواہ بھی میاں نواز شریف صاحب ہیں، میاں نواز شریف نے ہی میری پوتی کا ہاتھ جیند صفدر کے ہاتھ میں دیا۔
جیند صفدر کے ولیمے پر ون ڈش تھی، سوپ اور دیسی چکن پیش کیا گیا تھا، میاں نواز شریف دیسی مرغی اور آلو گوشت پسند کرتے ہیں۔ جنید صفدر بہت اچھا بچہ ہے اس کی بد تعریفی کسی سے بھی نہیں سنی، مجھے باہر سے لوگوں نے کہا کہ یہ بہت اچھا لڑکا ہے بہت ملنسار ہے، وہ عزت کرنے والا بچہ ہے۔ برات پر میں نے پینٹ کوٹ اپنی بیوی کی خواہش پر پہنا تھا، میری بیوی کو پینٹ کوٹ پسند ہے، میں اپنی بیوی سے ڈرتا ہوں، میرا دھوتی کرتا پہننا میاں نواز شریف کو پسند ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بہتر اندازہ میں حکومت کر رہی ہیں، لوگ کہتے ہیں کہ اچھی گورننس ہے پنجاب میں۔ ستھرا پنجاب کا بہت اچھا پروجیکٹ ہے جو حکومت چلا رہی ہے۔ مریم نواز خوش قسمت ہیں ان کے والد چیف منسٹر بھی رہے، وزیر اعظم بھی رہے۔ ان کی مشاورت بھی اس میں شامل ہوگی، مجھے حلقے کے لوگ دیکھ دیکھ کر تنگ آگئے تھے جس کی وجہ سے میں ہار گیا۔
مزید پڑھیں: جنید صفدر کی شادی میں فوٹو شوٹ کرنے والے فوٹو گرافر نے ساری تفصیلات بیان کردیں
نواز شریف وزیر اعظم نہیں بھی ہیں لیکن ان کی قسمت میں عروج ہے، نواز شریف اس وقت سیاسی طور پر سب سے مضبوط شخصیت ہیں وہ پیچھے بیٹھ کر مریم نواز کو مشورہ ضرور دیتے ہیں لیکن حکومت نہیں چلا رہے۔ میاں نواز شریف اگر ایکٹو ہوجاتے اور وہ اسلام آباد پنجاب ہاؤس بیٹھ جاتے ہیں تو سب لوگ وہاں جانا شروع ہوجائیں گے، کیونکہ وہ طاقت کا منبہ ہو جائیں گے۔ اس طرح اگر وہ پنجاب میں بیٹھیں گے تو ساری سیاست کا رخ ان کی طرف آجائے گا، انہوں پیچھے بیٹھنے کا فیصلہ بڑے تدبر کے ساتھ کیا، یہ بڑا مشکل کام ہے ان کے لیے۔ 10 مئی والی پاکستان انڈیا جنگ تینوں فورسز کی سربراہان نے ڈیزائین کی لیکن نواز شریف سے مشاورت ضرور کی ہوگی۔ حمزہ شہباز اور مریم نواز میں کوئی چیپقلش نہیں ہے۔
جاوید چوہدری کے ساتھ میں بحث نہیں کر سکتا وہ عقل کے دریا ہیں سمندر ہیں، جس وقت کی وہ بات کر رہے ہیں اس وقت ایسا ہوتا تھا لیکن اب جس کے پاس گاڑی نہ ہو وہ رینٹ سے گاڑی لیکر بارات لیکر جاتا ہے۔














