رات کے وقت ہونے والی شدید برفباری کے باعث مری کی جانب جانے والے داخلی راستے بند ہو گئے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق مری جانے والے دونوں اہم راستوں پر ڈائیورشنز قائم کر دی گئی ہیں اور ٹریفک کو واپس موڑا جا رہا ہے۔ مری انتظامیہ برفباری کے باعث بند ہونے والے راستوں کو کھولنے کے لیے مشینری کے ذریعے کام میں مصروف ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ملک کے اکثر علاقوں میں بارش اور برفباری، آج موسم کیسا رہے گا؟
ترجمان نے مری جانے کے خواہشمند سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تاحکمِ ثانی اس طرف سفر سے گریز کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ راستوں کی بحالی سے متعلق صورتحال بہتر ہوتے ہی سیاحوں کو بروقت آگاہ کر دیا جائے گا۔
مری میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، بارش اور برفباری کے بعد جمعرات کو ملک کے بیشتر حصوں میں شدید سردی کی لہر پھیل گئی۔ ایبٹ آباد میں برسوں بعد برفباری نے لوگوں کو مسحور کردیا۔
پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کے مطابق ملک کے تمام صوبوں اور شمالی علاقوں میں بارش اور شدید برفباری ہوئی، جس کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: بلوچستان میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا
پی ایم ڈی کے مطابق ناران، کاغان، مری، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، گلیات، نیلم ویلی، باغ، پونچھ، حویلی اور راولاکوٹ میں شدید بارش اور برفباری ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد اور پنجاب میں راولپنڈی اور لاہور سمیت بڑے شہروں میں وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی کیفیت جاری ہے۔
بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ سندھ میں موسم سرد ہوگیا۔ بلوچستان میں شدید موسمی حالات کے مختلف واقعات میں 2 ہلاکتیں بھی ہوئیں، کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں ہلکی بارش ہوئی۔












