صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں اتوار کی رات سے منگل تک مزید بارش اور بالائی اضلاع میں شدید برفباری کی پیشگوئی کے پیش نظر موسمی انتباہ جاری کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں شدید برفباری کا خدشہ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا
پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات نے 25 سے 27 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کی نشاندہی کی ہے جو صوبے کے بیشتر علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ بالائی اضلاع بشمول چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور دیگر علاقے شدید بارش اور بھاری برفباری کا سامنا کر سکتے ہیں، جبکہ نچلے اور میدانی علاقے جیسے ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں ناران، کاغان، کالام اور چترال کی سڑکوں پر پھسلن اور بندش کا امکان ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے خطرے کے پیش نظر حساس علاقوں میں ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیاحوں سے درخواست ہے کہ بالائی اور برفباری والے علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ آندھی، گرج چمک اور برفباری کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، اور کسانوں و مویشی پال حضرات فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں۔
مزید پڑھیں: شدید برفباری میں اسکول جانے والے بچے کی ویڈیو وائرل، صدر نے ملاقات میں بڑا اعلان کردیا
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال یا معلومات کے لیے پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔














