ملک کے بیشتر حصوں میں آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں شدید سردی کے ساتھ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کن علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے؟
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا، جو پیر تک بالائی علاقوں پر اثر انداز رہے گا جبکہ منگل تک مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
اس دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارش اور برف باری ہوسکتی ہے۔ ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے علاقے کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ میں مزید برف باری متوقع ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں، جن میں لاہور اور ملتان شامل ہیں، میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: محکمہ موسمیات نے شدید سرد لہر کے خدشات کو مسترد کردیا
دوسری طرف آج صبح ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق اسلام آباد اور پشاور میں درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ، لاہور 9، کراچی 12، کوئٹہ منفی 3، گلگت اور مظفرآباد 1 جبکہ مری میں درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔













