پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے بہت سی مشکلات سے خلاصی پائی ہے، اور حکومت نے ملک کی سمت درست کردی۔
لاہور میں کسٹمز کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسٹمز اتھارٹی نے ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا، پالیسی کوئی بھی بنائیں لیکن اس کا اطلاق آپ کے ہاتھ میں ہے۔
یہ بھی پڑھیے: کسٹمز کی جانب سے پرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز کے لیے نئی ویلیوایشن رولنگ جاری
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا ہے کہ قانون واضح ہے، قانون کے مطابق آسانی فراہم کرنے سے تجارت کو فروغ ملے گا، کاروبار کو انتہائی حد تک سہولت کی ضرورت ہوتی ہے، ایف بی آر میں اصلاحات میں وزیراعظم کا بہت اہم کردار ہے، چیئرمین ایف بی آر اور وزیر خزانہ بھی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ کاروباری کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنا اور غیرقانونی عناصر کے خلاف کارروائی آپ کی ذمہ داری ہے، اگر ہم صرف ریگولیشن پر توجہ دیں گے تو کاروباری کمپنیوں کے لیے مشکل پیش آئے گی، توجہ ریگولیشن کے ساتھ ساتھ سہولت فراہم کرنے پر بھی ہونی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیے: کسٹمز انفورسمنٹ پشاور کی بڑی کارروائیاں، 17 کروڑ روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان نے بہت سی مشکلات سے خلاصی پائی ہے، اور حکومت نے ملک کی سمت درست کردی، ہم یہ کہنے میں حق بجانب ہیں کہ پاکستان آج کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کے ہمراہ کاروبار اور تجارت میں ممتاز مقام پر کھڑا ہے۔













