نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور میانمار کے تعلقات تاریخی اور باہمی عزت و احترام پر مبنی ہیں۔
اسلام آباد میں میانمار کے وزیر خارجہ تھان سوئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پر عزم ہے، دونوں ممالک اپنی آزادی کے بعد سے گہرے دوستانہ تعلقات پر مبنی رشتے میں بندھے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان اور میانمار کا مشترکہ مسائل اور خطے کے امور پر قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میانمار کے لیے استحکام، امن اور خیر خواہی چاہتا ہے اور امید کرتا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میانمار میں ترقی اور خوشحالی کا باعث بنیں گے۔
میانمار کے وزیر خارجہ تھان سوئی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں ہوتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہے، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سیلوٹ پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں، پاکستان اورمیانمار کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے مواقع موجود ہیں۔














